مٹھی کے معروف تقریحی مقام گڈی بھٹ پر راتوں رات قبرنمودار
مٹھی پولیس نے ایک شہری میر حسن سنگراسی کو گرفتار کیا تو زیرحراست شخص نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ یہ جعلی قبراس نے ہی بنائی تھی ،اراضی پر قبضے کا پروگرام تھا
فائل فوٹو
مٹھی: مٹھی کے معروف تقریحی مقام گڈی بھٹ پر راتوں رات قبرنمودار ہونے پر شہری حیران وپریشان ہوگئے۔
انتظامیہ نے ایکشن لیا تو پولیس نے ایک شخص کو گرفتارکر لیا جس نے جعلی قبر بنانے کا اعتراف کرلیا۔ مٹھی میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا کہ مٹھی کے مشہور تفریحی مقام گڈی بھٹ پر گذشتہ رات اچانک ایک قبر نمودار ہوگئی، جس پر نہ صرف ہرے رنگ کی چادر چڑھی ہوئی تھی بلکہ اس کے قریب موجود درخت پر بھی ہرے رنگ کی چادر بندھی ہوئی تھی۔
شہریوں نے صبح جب مزکورہ مقام پر ہری چادر چڑھی قبردیکھی تو شہری حیران وپریشان ہوگئے۔ علاقے کے سماجی کارکن اکبر درس نے اچانک ہی نمودار ہونے والی اس جعلی قبر کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر ڈالی کہ تفریحی مقام گڈی بھٹ کی اراضی پرمبینہ قبضے کے لیے قبر کا ڈرامہ رچایاگیا ہے توپھر یہ بات زد عام ہوگئی۔ شہریوں کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر مٹھی عمیر اشرف بھی فوری طورپر وہاں پہنچ گئے جبکہ ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے معاملے کا نوٹس لے کر پولیس کو معاملے کی جانچ کا حکم دیا۔
مٹھی پولیس نے ایک شہری میر حسن سنگراسی کو گرفتار کیا تو زیرحراست شخص نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ یہ جعلی قبراس نے ہی بنائی تھی۔ زیرحراست شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ ڈرائیور ہے اور دو روز قبل وہاں سے گزرتے وقت اسے ایک آواز سنائی دی جس میں اسے وہاں مقبرہ بنانے کا کہاگیا جس کے بعد اس نے کچھ اور افراد کے ہمراہ یہاں آکر یہ قبر بنائی۔
ایس ایچ او مٹھی نے تصدیق کی کہ زیر حراست ملزم اعتراف کر چکا ہے کہ اس نے ہی یہ جعلی قبر بنائی تھی اور پولیس کے پہچنے سے قبل ہی ازخود وہاں جاکر قبر کو ختم کردیا۔
دوسری طرف مٹھی پولیس کی جانب سے گرفتارشخص حسن سنگراسی سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس معاملے پر ابھی تک کوئی مقدمہ درج نہیں کیاگیاہے۔