اخبارات عوامی رائے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔گورنر کے پی
بدلتا، ترقی کرتا اور مضبوط خیبر پختونخوا دیکھنا چاہتے ہیں۔ سی پی این ای اجلاس میں خصوصی شرکت اور خطاب
فوٹو پریس ریلیز
پشاور : کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز(سی پی این ای)کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس صدر کاظم خان کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خصوصی شرکت کی اور مدیران اخبارات و جرائد سے خطاب کیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت کی اہمیت آج بھی مسلمہ ہے۔ اخبارات عوامی رائے کی تشکیل اور مسائل کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اخبارات کو حقائق سامنے لانے اور احتساب کا آزادانہ موقع حاصل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایسے ماحول کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں جس میں صحافی آزادانہ اور باوقار انداز میں کام کر سکیں۔ خیبر پختونخوا میں صحافت اور صحافیوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ خیبر پختونخوا کی شناخت کو مسائل تک محدود رکھنا درست نہیں۔ ہم ایک بدلتا، ترقی کرتا اور مضبوط خیبر پختونخوا چاہتے ہیں۔
گورنر نے اخبارات کی معاشی پائیداری کے حوالے سے مثبت تجاویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اخبارات کو درپیش مسائل اور ان کے بقایاجات کی ادائیگیوں سے متعلق مسائل حل کیے جائیں گے۔
اجلاس میں میڈیا کو درپیش مسائل، آزادی صحافت کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور اخبارات کو اشتہارات کی ادائیگیوں میں غیر معمولی تاخیر سے پیدا ہونے والی بحرانی کیفیت پر تفصیلی غور کیا گیا۔
سی پی این ای کے مرکزی صدر کاظم خان نے مطالبہ کیا کہ میڈیا ہائوسز سے صحافیوں کی جبری برطرفیوں کا سلسلہ بند کیا جائے اور ورکنگ جرنلسٹس کو انکے واجبات ہر ماہ با قاعدگی سے ادا کرنے چاہئیں ۔
بلوچستان کے نائب صدر انور ساجدی نے کہا کہ بلوچستان میں صحافت پر قدغنیں ہیں، اظہار رائے پر پابندی ہے اور میڈیا وینٹی لیٹر پر ہے۔ اجلاس میں نوجوان وکیل احسن مسعود ایڈووکیٹ کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا گیا، جنہوں نے سی پی این ای کے واجبات کے کیس کی پیروی کی۔
اجلاس میں سی پی این ای کے وفات پانے والے اراکین علی نواز گیلانی، روزنامہ مہران حیدرآباد کے چیف ایڈیٹر فقیر منٹھار منگریو کے بڑے بھائی و دیگر کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکریٹری جنرل غلام نبی چانڈیو، ڈپٹی سیکریٹری جنرل تنویر شوکت، فنانس سیکریٹری عارف بلوچ، انفارمیشن سیکریٹری منزہ سہام، نائب صدور شکیل ترابی، تنویر صدیقی، جوائنٹ سیکریٹریز یحیی سدوزئی، مقصود یوسفی، اراکین عبد الخالق علی، سید انتظار حسین زنجانی، وقاص طارق،انور ساجدی ،سجاد عباسی، شیر محمد کھاوڑ، شہزاد امین، اسلم میاں، حسن ناصر، عرفان اطہر، ممتاز صادق، عبدالسلام بھاٹ، ڈاکٹر زبیر، رافع نیازی سمیت ملک بھر سے مدیران نے شرکت کی۔ خیبر پختونخوا کے ایڈیٹرز مبصر کے طور پر شریک ہوئے۔