قاندھار میں بی ایل اے کمانڈر بشیر زیب کو زہر دینے کی اطلاعات،تشویشناک حالت میں بھارت منتقل

انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق قریبی ساتھی نے زہر دیا، پھر علاج اور پناہ کے لیے بھارت لے جایا گیا

November 6, 2026 · قومی, ویڈیوز
فائل فوٹو

فائل فوٹو

قندھار: کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے اعلیٰ کمانڈر بشیر زیب کو انتہائی تشویشناک حالت میں افغانستان کے شہر قندھار کے محمد انٹرنیشنل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کی حالت غیر ہے اور وہ کومے میں ہیں۔

سوشل میڈیا کے ذریعے آنے والی رپورٹس اور ذرائع سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق بشیر زیب کو ان کے ہی ایک قریبی ساتھی کی جانب سے زہر دیا گیا ہے۔ زہر خورانی کے اس واقعہ کے بعد ان کی حالت مسلسل بگڑتی چلی گئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر قندھار کے اسپتال پہنچایا گیا۔

رپورٹس میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ بشیر زیب کو علاج اور محفوظ پناہ گاہ فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر بھارت منتقل کر دیا گیا تاکہ انہیں مزید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

واقعے کے بعد کالعدم تنظیم کے اندرونی حلقوں میں شدید سراسیمگی اور کشیدگی پھیل گئی ہے، جبکہ انٹیلی جنس ادارے صورتحال پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔