پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 12 نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا
فورم میں دنیا بھر سے معدنیات اور کان کنی کے شعبوں سے وابستہ ماہرین، عالمی سرمایہ کار، ملٹی نیشنل کمپنیاں، مائننگ ایگزیکٹوز اور پالیسی ساز شرکت کریں گے
پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 12 نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا
اسلام آباد: پاکستان کے وسیع معدنی ذخائر کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے بروئے کار لانے اور معدنی شعبے میں کاروباری مواقع بڑھانے کے لیے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم 2026 کا انعقاد 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔
فورم میں دنیا بھر سے معدنیات اور کان کنی کے شعبوں سے وابستہ ماہرین، عالمی سرمایہ کار، ملٹی نیشنل کمپنیاں، مائننگ ایگزیکٹوز اور پالیسی ساز شرکت کریں گے۔ اس موقع پر معدنیات کی ویلیو چین سے متعلق کمپنیوں، منصوبوں، مصنوعات، خدمات، مشینری اور جدید ٹیکنالوجیز کی نمائش بھی کی جائے گی۔
وفاقی وزیر علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور یہ ذخائر ملکی سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے وسیع امکانات رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق معدنی وسائل سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھا کر ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے صدر احمد حیات لک نے عالمی سرمایہ کاروں اور معدنیات کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کو فورم میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل اور سرمایہ کاری کے مواقع کے اعتبار سے ایک پرکشش ملک ہے۔
احمد حیات لک کے مطابق بین الاقوامی شہرت یافتہ صنعتی کمپنیاں بھی اس فورم میں شریک ہوں گی، جہاں عالمی رہنماؤں سے روابط، پاکستان کے معدنی شعبے کی صلاحیتوں کو سمجھنے اور سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔
فورم کا بنیادی مقصد پاکستان کے قیمتی معدنی ذخائر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ اس کے ذریعے عالمی تکنیکی شراکت داری، پالیسی اصلاحات اور پائیدار کان کنی کے شعبے میں تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے یہ فورم خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔