ڈی جی آئی ایس پی آر کا لاہور کی تین جامعات کا دورہ، طلبہ سے اہم گفتگو
ملاقاتوں میں طلبہ اور اساتذہ نے مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوالات کیے، جن کے انہوں نے تفصیلی جوابات دیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا لاہور کی تین جامعات کا دورہ، طلبہ سے اہم گفتگو
لاہور: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے لاہور کی تین بڑی جامعات کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشستوں میں شرکت کی اور مختلف قومی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے یونیورسٹی آف لاہور، یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس دوران طلبہ اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ براہِ راست مکالمے کے لیے خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔
ان ملاقاتوں میں طلبہ اور اساتذہ نے مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے سوالات کیے، جن کے انہوں نے تفصیلی جوابات دیے۔
نشستوں کے دوران ملکی و عالمی صورتحال، افغانستان سمیت خطے میں جاری جیوپولیٹیکل تبدیلیوں اور امن و استحکام کے قیام میں پاک فوج کے کردار پر گفتگو کی گئی۔
طلبہ نے جامعات میں ڈی جی آئی ایس پی آر کی آمد اور براہِ راست تبادلہ خیال کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس سلسلے کو آئندہ بھی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر طلبہ نے معرکہ حق میں افواج پاکستان کی کامیابی کو خراج تحسین پیش کیا اور ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔