رضا اللہ اور میری کوشش ہوگی پاکستان کو میچ جتوائیں،محمد عباس
رضا اللہ نے گزشتہ سال ان کے خلاف ڈپارٹمنٹل کرکٹ کھیلی تھی۔ وہ سیکھنے کا جذبہ رکھتے ہیں اور ٹیم کی تیاریاں بھی اچھی جا رہی ہیں
رضا اللہ اور میری کوشش ہوگی پاکستان کو میچ جتوائیں،محمد عباس
راولپنڈی: قومی ٹیسٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عباس نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان کی اور رضا اللہ کی کوشش ہوگی کہ پاکستان کو کامیابی دلائیں۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس کا کہنا تھا کہ رضا اللہ پاکستان ٹیم کے لیے ایک اچھا اضافہ ہیں، انہوں نے انگلینڈ میں قومی ٹیم کو جوائن کیا تھا۔
محمد عباس نے بتایا کہ رضا اللہ نے گزشتہ سال ان کے خلاف ڈپارٹمنٹل کرکٹ کھیلی تھی۔ وہ سیکھنے کا جذبہ رکھتے ہیں اور ٹیم کی تیاریاں بھی اچھی جا رہی ہیں۔ تمام کھلاڑی میچ پریکٹس میں مصروف ہیں جو پاکستان کے لیے مثبت بات ہے۔
اپنی فارم کے حوالے سے فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ وہ اللہ کے شکر گزار ہیں کہ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ان کی کوشش ہوگی کہ اسی تسلسل کو برقرار رکھیں۔ پاکستان میں ایک بڑی انفرادی کارکردگی دکھانا ابھی باقی ہے اور وہ اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتے، جبکہ فرصت ملنے پر کاؤنٹی کرکٹ بھی کھیلتے ہیں۔ ان کے مطابق ڈومیسٹک اور کاؤنٹی کرکٹ میں شرکت ٹیسٹ کرکٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد دیتی ہے۔
محمد عباس نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم آسان حریف نہیں ہوتی، ہر مقابلہ اور اس کا ہر دن اہمیت رکھتا ہے۔
نوجوان کھلاڑیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ قومی ٹیم میں کئی نئے چہرے شامل ہیں اور کرکٹ بورڈ نے انہیں صلاحیتیں دکھانے کا موقع دیا ہے۔ اب نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی مہارت ثابت کرکے مستقبل میں ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
پچ سے متعلق سوال پر محمد عباس نے بتایا کہ انہوں نے ابھی وکٹ کا جائزہ نہیں لیا، تاہم پچ دیکھنے کے بعد اسی کے مطابق ٹیم کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔ وہ اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ بھی شیئر کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 9 نومبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہوگا۔