ایف سی کو جدید ہتھیاروں سے لیس کر دیا، محسن نقوی
جوانوں کو ایس ایس جی کمانڈوز کے انسٹرکٹرز نے خصوصی تربیت بھی دی ہے۔
ایف سی کو جدید ہتھیاروں سے لیس کر دیا، محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے جدید ہتھیار فراہم کر دیے گئے ہیں، جبکہ جوانوں کو ایس ایس جی کمانڈوز کے انسٹرکٹرز نے خصوصی تربیت بھی دی ہے۔
شبقدر ٹریننگ سینٹر میں فیڈرل کانسٹیبلری کے اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کے پہلے بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ایف سی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ، سرکاری تنصیبات کی حفاظت اور امن و امان برقرار رکھنے کی ذمہ داریوں میں ایف سی ہمیشہ صف اول میں رہی ہے۔ جوانوں کے کندھوں پر اہم ذمہ داریاں ہیں، جنہیں نبھاتے ہوئے قانون کی پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
تقریب میں پہلی مرتبہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 983 جوانوں نے تربیت مکمل کرنے کے بعد پاسنگ آؤٹ کی، جن میں 35 خواتین بھی شامل ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے پریڈ کا معائنہ کیا، جہاں چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارتوں کے مظاہرے بھی دیکھے۔
محسن نقوی نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔