اسلام آباد ایئر پورٹ پر بندر وائلڈ لائف کے قابو میں نہ آیا، فائرنگ کرکے مار دیا
2 روز قبل ایک آوارہ بندر اچانک ایئرپورٹ کی عمارت کے اندر دیکھا گیا تھا جو سیلنگ پر آزادانہ گھوم رہا تھا ، ایئرپورٹ ذرائع
فوٹو اسکرین شارٹ
اسلام آباد: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے احاطے میں داخل ہونے والے آوارہ بندر کو وائلڈ لائف حکام نے فائرنگ کر کے مار ڈالا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دو روز قبل ایک آوارہ بندر اچانک ایئرپورٹ کی عمارت کے اندر دیکھا گیا تھا، جو مسافر ٹرمینل کی سیلنگ پر آزادانہ گھوم رہا تھا۔ بندر کی موجودگی سے ایئرپورٹ پر آنے والے مسافروں اور عملے میں ہلچل مچ گئی تھی، جس کے پیشِ نظر ایئرپورٹ انتظامیہ نے فوری طور پر بندر کو بحفاظت پکڑنے کے لیے وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ سے رابطہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وائلڈ لائف حکام نے موقع پر پہنچ کر بندر کو قابو میں کرنے کی کوشش کی تاہم ناکامی کی صورت میں حکام نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کر کے اسے ہلاک کر دیا۔ اس واقعے کے بعد ایئرپورٹ پر معمول کی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔