معروف اینکر پرسن ربیعہ احسن گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں

ابتدائی معائنہ کے دوران ان کے جسم پر گولی کے نشانات پائے گئے , موت کی اصل وجوہات جاننے کیلیے تحقیقیات شروع

November 8, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: معروف اینکر پرسن ربیعہ احسن اپنے گھر میں پراسرار طور پر مردہ حالت میں پائی گئیں ۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی معائنہ کے دوران ان کے جسم پر گولی کے نشانات پائے گئے ہیں، تاہم موت کی اصل وجوہات اور نوعیت کے حوالے سے تاحال حتمی صورتحال سامنے نہیں آسکی۔

سینیئر صحافی شبیر ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں اس اندوہناک واقعے کی تصدیق کی۔

انہوں نے لکھا کہ ربیعہ احسن کی پراسرار موت کی خبر انتہائی دکھ دہ ہے اور جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کے مطابق ان پر گولی چلائے جانے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔ کرائم سین یونٹ نے موقع پر پہنچ کر تمام تر ثبوت و شواہد جمع کر لیے ہیں جبکہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فورنزک شواہد کی روشنی میں ہی موت کی اصل وجوہات کا حتمی تعین ممکن ہو سکے گا۔

ربیعہ احسن کی اچانک وفات پر صحافتی برادری کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔