اینکر ربیعہ احسن قتل کیس واپس لینے کا فیصلہ نہیں، ہماری بہن کا قتل ہوا ہے،بھائی خرم کا دوٹوک مؤقف
راولپنڈی میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی میڈیا اینکر کی موت پر اہلخانہ صدمے سے دوچار،پولیس سے واقعے کی حقیقت بتانے کا مطالبہ
اینکر ربیعہ احسن قتل کیس واپس لینے کا فیصلہ نہیں، ہماری بہن کا قتل ہوا ہے، بھائی خرم کا دوٹوک مؤقف ۔فائل فوٹو
راولپنڈی: شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی میڈیا اینکر پرسن ربیعہ احسن کے بھائی خرم نے کہا ہے کہ اہلخانہ نے قتل کا مقدمہ واپس لینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، ان سے منسوب کرکے چلائی جانے والی خبر درست نہیں، ہماری بہن کا قتل ہوا ہے۔
جائے وقوعہ پر موجود ربیعہ احسن کے بھائی خرم نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہن کی دو بیٹیاں ہیں اور واقعے کے بعد سے اب تک ان کی والدہ سے ملاقات نہیں ہوسکی کیونکہ وہ شدید صدمے میں ہیں۔
خرم کے مطابق واقعے کے وقت وہ راستے میں تھے کہ گھر سے فون کال پر اطلاع دی گئی کہ ان کی بہن کو قتل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بہن اور بہنوئی ہنسی خوشی زندگی بسر کررہے تھے، ایسے میں وہ اپنی بہن کے ناحق قتل کو کیسے معاف کرسکتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ یہ پولیس کا کام ہے کہ وہ اہلخانہ کو بتائے کہ ان کے بہنوئی کے ساتھ کیا ہوا۔ اگر ان کی بہن کو ناحق قتل کیا گیا ہے تو مقدمہ آگے بڑھنا چاہیے۔
ربیعہ کے بھائی خرم نے مزید بتایا کہ ان کے ملازم نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ بیڈ روم میں گولی چلی تھی۔ پولیس پہلے ملازم کو اپنے ساتھ لے گئی تھی، تاہم اب اسے واپس چھوڑ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اہلخانہ کو ابھی تک درست طور پر معلوم نہیں کہ آخر واقعے میں کیا ہوا، وہ اس حقیقت کو کیسے تسلیم کریں کہ ان کی بہن اب اس دنیا میں نہیں رہی۔