گاجروں کی آڑ میں 23 کروڑ 95 لاکھ کی منشیات کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام،51 کلو چرس برآمد
پاکستان کسٹمز کی آر سی ڈی ہائی وے پر کارروائی، مزدا ٹرک ڈرائیور محمد قاسم گرفتار، تعلق قلعہ عبداللہ سے نکلا
گاجروں کی آڑ میں 23 کروڑ 95 لاکھ کی منشیات کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، 51 کلو چرس برآمد
کراچی: پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے انسدادِ اسمگلنگ مہم کے تحت موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے کراچی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی اور 51 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔
کسٹمز حکام کے مطابق آر سی ڈی ہائی وے پر گاجروں کی آڑ میں منشیات کراچی اسمگل کی جارہی تھیں، جن کی مالیت 23 کروڑ 95 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ منشیات مزدا ٹرک رجسٹریشن نمبر ٹی کے ٹی 358 کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھیں۔
حکام نے مزدا ٹرک کے ڈرائیور محمد قاسم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا، جس کا تعلق قلعہ عبداللہ سے ہے۔
کسٹمز حکام کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ منشیات بلوچستان کے علاقے گلستان سے کراچی منتقل کی جارہی تھیں۔
حکام نے برآمد ہونے والی منشیات اور مزدا ٹرک ضبط کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک، اس کے مالی معاونین اور کراچی میں ممکنہ وصول کنندگان کی نشاندہی کے لیے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔