پاکستان کی ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حملے کی شدید مذمت،حوثیوں سے حملے فوری روکنے کا مطالبہ

شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے،ترجمان دفتر خارجہ

November 9, 2026 · قومی

پاکستان کی ریاض میں سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حملے کی شدید مذمت، حوثیوں سے حملے فوری روکنے کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان نے سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی آئل کمپنی آرامکو کی انتظامی عمارت پر حوثیوں کی جانب سے حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے سعودی آرامکو کی انتظامی عمارت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید مذمت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا انسانی جانوں اور علاقائی سلامتی کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔

پاکستان نے حوثیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سعودی عرب کے خلاف تمام حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند کریں۔ اعلامیے میں سعودی حکام کی بروقت جوابی کارروائی کو بھی سراہا گیا۔

پاکستان نے ایک بار پھر سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ غیر مشروط طور پر مضبوطی سے کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے، جبکہ سعودی بھائیوں اور بہنوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔