منشیات برآمدگی کیس:انمول پنکی کی ساتھی ملزمہ نسیم بی بی مفرور قرار
انمول عرف پنکی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئی۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی
منشیات برآمدگی کیس:انمول پنکی کی ساتھی ملزمہ نسیم بی بی مفرور قرار
کراچی: انسدادِ منشیات کی عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں شریک ملزمہ نسیم بی بی کو مفرور قرار دے دیا، جبکہ انمول عرف پنکی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئی۔
سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ شریک ملزمہ نسیم بی بی کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
عدالت نے نسیم بی بی اور جاوید کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے اور ان سے متعلق اشتہارات شائع کروانے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
عدالت نے انمول پنکی کو مقدمے کی نقول فراہم کرنے کے لیے 24 نومبر کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے قرار دیا کہ دستاویزات کی فراہمی کے بعد ملزمہ پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔
دوسری جانب عدالت نے ملزمہ کے اثاثے ضبط کرنے سے متعلق درخواست پر آئندہ سماعت میں دلائل طلب کر لیے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے انسدادِ منی لانڈرنگ قانون کے تحت ملزمہ کے اثاثے ضبط کرنے کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔