اسحاق ڈار کا مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون اور سفارتکاری کے فروغ پر زور
قومی سلامتی اور عوامی خوشحالی کے تحفظ کیلئے اندرونی استحکام اور مؤثر سفارتکاری ناگزیر ہے
اسحاق ڈار کا مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون اور سفارتکاری کے فروغ پر زور
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا اور خطے کو درپیش مشترکہ مسائل کے حل کیلئے باہمی تعاون اور کثیر الجہتی سفارتکاری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امن اور خوشحالی کے قیام کیلئے تنازعات کا حل طاقت کے بجائے مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے نکالا جانا چاہیے۔
مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی سطح پر تیزی سے تبدیل ہوتی صورتحال میں اس نوعیت کے مکالموں کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ عالمی قوانین پر غیر منصفانہ اور امتیازی عمل درآمد سے اختلافات اور عدم اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ عالمی سلامتی کا نظام شدید دباؤ کا شکار ہے، جبکہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں نئے مواقع بھی پیدا کر رہی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان کشمکش سے تصادم اور غلط اندازوں کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کے امکانات محدود ہوتے ہیں، اس لیے موجودہ حالات میں مذاکرات اور سفارتی کوششوں کیلئے مزید گنجائش پیدا کرنا ضروری ہے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی نظام میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور سیاسی اختلافات کے باعث کثیر الجہتی اداروں کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی معاملات ایک دوسرے سے گہرے طور پر جڑ چکے ہیں، جبکہ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ کاری تک رسائی کے حوالے سے مسابقت بھی بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ قومی سلامتی اور عوامی خوشحالی کے تحفظ کیلئے اندرونی استحکام اور مؤثر سفارتکاری ناگزیر ہے، کیونکہ ابھرتے ہوئے عالمی نظام کی آئندہ شکل تاحال غیر یقینی ہے۔