متحدہ عرب امارات میں نئے ٹریفک قوانین کا اعلان
نئے قوانین کے تحت پیشہ ور ڈرائیورز 24 گھنٹوں کے دوران 9 گھنٹے سے زیادہ گاڑی نہیں چلا سکیں گے
متحدہ عرب امارات میں نئے ٹریفک قوانین کا اعلان
نئے قوانین کے تحت پیشہ ور ڈرائیورز 24 گھنٹوں کے دوران 9 گھنٹے سے زیادہ گاڑی نہیں چلا سکیں گے۔ اس پابندی کا اطلاق ٹیکسی، ٹرک، بس اور سامان پہنچانے والے ڈرائیورز پر ہوگا، جبکہ تھکن یا نیند کی حالت میں گاڑی چلانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
قوانین کے مطابق متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس 10 سال کے لیے جاری کیے جائیں گے، جبکہ غیر ملکی رہائشیوں کو 5 سال کی مدت کے لیے لائسنس ملے گا۔
وفاقی ٹریفک کونسل کو ڈرائیونگ کے مقررہ 9 گھنٹوں کے دورانیے میں تبدیلی کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق نجی اور پیشہ ورانہ دونوں طرح کے ڈرائیورز پر ہوگا۔
نئے ضوابط میں 4 سال یا اس سے کم عمر بچوں کے لیے گاڑی میں حفاظتی نشست لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور تجدید کے لیے بینائی کی جانچ کے نئے معیار بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ مختلف اقسام کی گاڑیاں چلانے والوں کے لیے بینائی جانچنے کے الگ الگ معیار ہوں گے اور لائسنس کی تجدید سے پہلے بینائی کا معائنہ لازمی ہوگا۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ڈرائیورز کی تھکن کے باعث ہونے والے حادثات میں کمی لانا اور سڑکوں پر سفر کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔