پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد پشاور کے بیشتر پمپس پر فروخت بند
بعض پمپس پر مرمتی کام کے بورڈ لگا کر صارفین کو پیٹرول دینے سے گریز کیا جا رہا ہے۔شہریوںکا الزام
پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد پشاور کے بیشتر پمپس پر فروخت بند
پشاور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پشاور کے مختلف علاقوں میں بیشتر پیٹرول پمپس نے پیٹرول کی فروخت روک دی، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق حاجی کیمپ، سردار گڑھی، جی ٹی روڈ، گلبہار اور ورسک روڈ سمیت شہر کے کئی علاقوں میں پیٹرول کی فراہمی بند کردی گئی ہے۔ بعض پمپس پر مرمتی کام کے بورڈ لگا کر صارفین کو پیٹرول دینے سے گریز کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے بعد بعض پیٹرول پمپ مالکان نے مبینہ طور پر ملی بھگت کرکے سپلائی روک دی ہے اور نئی قیمتوں کے اطلاق یا ممکنہ تبدیلی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی پیٹرول پمپس پر ہزاروں لیٹر پیٹرول موجود ہونے کے باوجود فروخت نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کمشنر پشاور اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مختلف علاقوں کے پیٹرول پمپس کا معائنہ کریں اور سپلائی بند رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔