ملک بدر ایرانی شہریوں سے بھری امریکی پرواز کو پاکستان نے انکار کردیا

تیس منٹ بعد ہی طیارہ واپس ایریزونالوٹ گیا

November 11, 2026 · قومی

ملک بدر ایرانی شہریوں سے بھری امریکی پرواز کو پاکستان نے انکار کردیا

پاکستان نے امریکی ڈپورٹیشن فلائٹ کو انٹری دینے سے انکار کر دیا، ایرانیوں کو لے جانے والا طیارہ ایریزونا واپس لوٹ آیا۔

نیو یارک ٹائمزکے مطابق، امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کا ایک چارٹر طیارہ، جو ایرانی تارکین وطن کو پاکستان کے راستے ایران بھیجنے کے لیے ایریزونا کے میسا سے روانہ ہوا تھا، تقریباً 30 منٹ بعد ہی واپس لوٹ آیا۔

طیارے میں کم از کم نو ایرانی تارکین وطن سوار تھے۔ منصوبہ یہ تھا کہ انہیں پہلے پاکستان لے جایا جائے اور وہاں سے ایران منتقل کیا جائے۔ تاہم پاکستان نےانہیں قبول کرنے سے انکار کر دیا، جس کے بعد طیارے نے راستہ تبدیل کر لیا اور واپس میسا میں اتر گیا۔ بعد ازاں انہیں دوبارہ ایریزونا کی امیگریشن ڈیٹنشن سہولت میں بھیج دیا گیا۔

ڈپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے کہا ہے کہ فلائٹ میں ایسے افراد شامل تھے جن کے خلاف حتمی ڈپورٹیشن آرڈرز تھے اور کچھ کے مجرمانہ ریکارڈ بھی تھے، جبکہ انتظامیہ بڑے پیمانے پر قانونی ڈپورٹیشن آپریشن کر رہی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ واقعہ نیو یارک ٹائمز کے پاکستان اور افغانستان بیورو چیف ایلین پیلٹیئر کی رپورٹ میں سامنے آیا۔

اس سے پہلے افغان باشندوں کو پاکستان کے راستے واپس بھیجنے کے امریکی منصوبے پر وزارت خارجہ نے واضح موقف دیا تھا۔ ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا تھا کہ یہ معاملہ “زیرِ غور” ہے، تمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ باہمی طور پر قابلِ قبول راستہ نکل آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے اور ہم آہنگی برقرار رکھے گا۔