جے یو آئی اسلام آباد کے امیر اویس عزیز کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ، کامران مرتضیٰ کے دلائل مسترد، تفتیش جاری رہے گی
جے یو آئی اسلام آباد کے امیر اویس عزیز کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلام آباد کے امیر مولانا اویس عزیز کا 15 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے مقدمے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ملزم کی طرف سے سینئر قانون دان اور سینیٹر کامران مرتضیٰ عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیے۔
تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے کے حوالے سے پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ ملزم پر جی ٹی روڈ بند کرنے کی ترغیب دینے، شہریوں کو گھروں میں محصور کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کے الزامات ہیں۔ پراسیکیوٹر راجہ نوید حسین نے عدالت سے 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ درکار ہے۔
دوسری جانب مولانا اویس عزیز کے وکیل کامران مرتضیٰ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ محب وطن لوگوں پر دہشت گردی کی دفعات لگائی جا رہی ہیں جبکہ وہ آئین پاکستان کے وفادار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ایف آئی آر واقعے کے 3 دن بعد تاخیر سے درج کی۔ وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ اگر اشتعال دلانے یا سرکاری گاڑی کے شیشے توڑنے کے کوئی شواہد ہیں تو عدالت انہیں دیکھے، بصورت دیگر یہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ مسجد میں نماز اور قرآن پاک پڑھانے والی شخصیت کو دہشت گرد بنایا جا رہا ہے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے 15 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کو تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔