ایران کا زیرِ زمین میزائل شہر منظرِ عام پر، پاسدارانِ انقلاب نے نئی ویڈیو جاری کردی
خفیہ میزائل تنصیب میں بیلسٹک و کروز میزائلوں سمیت لانچنگ نظام بھی موجود،مقام اور تعداد ظاہر نہیں کی گئی
ایران کا زیرِ زمین میزائل شہر منظرِ عام پر، پاسدارانِ انقلاب نے نئی ویڈیو جاری کردی
ایران نے اپنے زیرِ زمین میزائل ذخیرے کی نئی ویڈیو جاری کردی، جس میں پاسدارانِ انقلاب کے خفیہ میزائل مرکز اور وہاں موجود بیلسٹک و کروز میزائلوں کی جھلک دکھائی گئی ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے 10 نومبر کو زیرِ زمین قائم نئی میزائل تنصیب کی ویڈیو جاری کی۔
خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق زیرِ زمین مرکز میں بیلسٹک اور کروز میزائلوں کے علاوہ انہیں داغنے کے لیے استعمال ہونے والے لانچنگ نظام بھی موجود ہیں۔
اس موقع پر ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی اور پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل مجید موسوی بھی موجود تھے۔
تاہم ایرانی حکام نے میزائل مرکز کا مقام اور وہاں موجود میزائلوں کی مجموعی تعداد ظاہر نہیں کی۔
A new missile city has been unveiled today in the presence of Major General Abdollahi, Chief of the General Staff of the Armed Forces, and Brigadier General Mousavi, Commander of the IRGC Aerospace Force. pic.twitter.com/QUB8xeInbB
— Seyed Mohammad Marandi (@s_m_marandi) November 10, 2026
رپورٹ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے حال ہی میں کہا تھا کہ میزائلوں اور ڈرونز کی تیاری کے تمام مراکز کو زیرِ زمین منتقل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد ممکنہ امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں سے میزائلوں، ڈرونز اور ان کی تیاری کے مراکز کو محفوظ رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی جماعت کی ناکامی اور اسرائیلی انتخابات میں نیتن یاہو کی شکست کے باوجود خطے میں ایران جنگ کے باعث حالات تاحال کشیدہ ہیں۔