افغانستان کے پہاڑوں میں چھپا تین کھرب ڈالر کا خزانہ، کون سی معدنیات موجود ہیں؟

درست منصوبہ بندی اور مؤثر کان کنی کی صورت میں افغان معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے۔

November 12, 2026 · بام دنیا
افغانستان کے پہاڑوں میں چھپا تین کھرب ڈالر کا خزانہ، کون سی معدنیات موجود ہیں؟

افغانستان کے پہاڑوں میں چھپا تین کھرب ڈالر کا خزانہ، کون سی معدنیات موجود ہیں؟

افغانستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے جہاں تیل، گیس، سونا، تانبا، لوہا، لیتھیم اور قیمتی پتھروں سمیت مختلف معدنیات کے وسیع ذخائر موجود ہیں۔ ان ذخائر کی مجموعی مالیت تین کھرب ڈالر سے زیادہ لگائی جاتی ہے، جو درست منصوبہ بندی اور مؤثر کان کنی کی صورت میں افغان معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچا سکتی ہے۔

بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان کے قدرتی وسائل کا بڑا حصہ اب بھی زمین کے نیچے موجود ہے اور ان میں سے بیشتر کو نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر کام نہیں ہو سکا۔ مختلف ادوار میں ہونے والی ارضیاتی تحقیقات اور سروے میں ملک کے متعدد صوبوں میں قیمتی معدنی ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق افغانستان میں سونے کے ذخائر تقریباً 682 ٹن بتائے جاتے ہیں، جن کی موجودہ عالمی قیمت کے حساب سے مالیت 107 ارب ڈالر کے لگ بھگ بنتی ہے۔ بدخشان اور تخار میں سونے کی اہم کانیں موجود ہیں، جبکہ زابل اور غزنی میں بھی سونے کے ذخائر دریافت کیے گئے ہیں۔

اسی طرح افغانستان میں لوہے کے ذخائر کا تخمینہ تقریباً تین ارب ٹن لگایا گیا ہے، جن کی ممکنہ مالیت 300 ارب ڈالر سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ بامیان، پنجشیر، پروان، ہرات، قندھار، بدخشان اور کابل سمیت کئی علاقوں میں لوہے کے ذخائر موجود ہیں۔

تانبے کے معاملے میں بھی افغانستان کو خطے کے اہم ممالک میں شمار کیا جاتا ہے۔ مختلف اندازوں کے مطابق ملک میں تانبے کے ذخائر چھ کروڑ ٹن تک ہو سکتے ہیں، جن کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 720 ارب ڈالر لگائی گئی ہے۔ لوگر میں واقع عینک تانبے کی کان ان ذخائر میں نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔

افغانستان میں ایلومینیم، سیسہ، زنک، ٹن، ٹنگسٹن اور پارے کے ذخائر بھی موجود ہیں۔ زابل میں ایلومینیم کے ذخائر تقریباً ایک کروڑ 10 لاکھ ٹن بتائے جاتے ہیں، جبکہ قندھار میں سیسے اور زنک کے بڑے ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔

قیمتی پتھروں میں بدخشان کا لاجورد اور پنجشیر کا زمرد عالمی سطح پر شہرت رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ افغانستان میں یاقوت، گارنیٹ اور سنگِ مرمر کے وسیع ذخائر بھی پائے جاتے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں سنگِ مرمر کے ذخائر ایک ارب 30 کروڑ ٹن ہیں۔

رپورٹ میں لیتھیم اور دیگر نایاب معدنیات کو بھی افغانستان کا اہم قدرتی سرمایہ قرار دیا گیا ہے۔ بعض اندازوں کے مطابق صرف لیتھیم کے ذخائر کی ممکنہ مالیت ایک کھرب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔ یہ معدنیات موبائل فون، کمپیوٹرز، طبی آلات اور جدید ٹیکنالوجی کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں۔

تیل اور گیس کے شعبے میں بھی افغانستان کے پاس قابلِ ذکر وسائل موجود ہیں۔ اندازوں کے مطابق ملک میں تقریباً ایک ارب 60 کروڑ بیرل خام تیل اور 500 ارب مکعب میٹر قدرتی گیس کے ذخائر ہیں۔ ان کے بڑے ذخائر آمو دریا اور افغان تاجک طاس کے علاقوں میں واقع ہیں۔

افغانستان میں کوئلے کے ذخائر کا تخمینہ تقریباً ایک ارب ٹن لگایا گیا ہے۔ طالبان حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد پہلے چار برسوں میں ملک نے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کا کوئلہ برآمد کیا، جبکہ پاکستان، ایران، ترکی، بھارت اور چین اس کے بڑے خریداروں میں شامل ہیں۔

ماہرین کے لیے افغانستان کے معدنی وسائل کی اصل مقدار اور ان کی معاشی قدر کا درست تعین اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے، کیونکہ مختلف سروے اور اداروں کے اندازوں میں فرق پایا جاتا ہے۔ تاہم ان ذخائر کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے تو یہ افغانستان کی معیشت، توانائی کی ضروریات اور برآمدات کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔