نو مئی جناح ہاؤس حملہ کیس؛ پی ٹی آئی کارکن سیدہ فاطمہ حیدر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
پولیس نے ملزمہ کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، تاہم عدالت نے صرف دو دن کا ریمانڈ دینے کا حکم جاری کیا۔
نو مئی جناح ہاؤس حملہ کیس؛ پی ٹی آئی کارکن سیدہ فاطمہ حیدر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کارکن سیدہ فاطمہ حیدر کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
ڈیوٹی جج ملک عابد حسین نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران پولیس نے ملزمہ کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی، تاہم عدالت نے صرف دو دن کا ریمانڈ دینے کا حکم جاری کیا۔
ملزمہ کی جانب سے وکیل یوسف وائیں عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سیدہ فاطمہ حیدر نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں عبوری ضمانت حاصل کرنے کے لیے درخواست دائر کر رکھی تھی، تاہم عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کی عبوری ضمانت خارج کردی گئی، جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کیا۔
ڈیوٹی جج نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ جج آج رخصت پر ہیں اور وہ بطور ڈیوٹی جج مختصر مدت کا ریمانڈ دے رہے ہیں۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ دو روز بعد ملزمہ کو انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج کے روبرو پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ جناح ہاؤس حملے کا مقدمہ تھانہ سرور روڈ میں نمبر 96/23 کے تحت درج ہے، جس میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر جلاؤ گھیراؤ اور بغاوت سمیت الزامات عائد کیے گئے ہیں۔