فیصل آباد میں اسکول کی دیوار گرنے سے طالب علم جاں بحق، دو بچے زخمی

واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو ملبے سے نکالا، تاہم ایک طالب علم جانبر نہ ہوسکا۔

November 12, 2026 · قومی
فیصل آباد میں اسکول کی دیوار گرنے سے طالب علم جاں بحق، دو بچے زخمی

فیصل آباد میں اسکول کی دیوار گرنے سے طالب علم جاں بحق، دو بچے زخمی

فیصل آباد: ضلع فیصل آباد میں نجی اسکولوں کی خستہ حال عمارتوں کے باعث بچوں کی حفاظت پر سوالات اٹھنے لگے، تحصیل تاندلیانوالہ میں اسکول کی دیوار گرنے سے پانچویں جماعت کا ایک طالب علم جاں بحق جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچے تفریح کے وقفے کے دوران اسکول میں کھیل رہے تھے۔ اچانک دیوار گرنے سے تین بچے ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کے بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت بچوں کو ملبے سے نکالا، تاہم ایک طالب علم جانبر نہ ہوسکا۔

حادثے کے بعد والدین اور اہل علاقہ نے اسکولوں کی عمارتوں کی خستہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر محفوظ عمارتیں بچوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن رہی ہیں، اس لیے ایسے اسکولوں کو اجازت دینے اور حفاظتی انتظامات کی نگرانی میں غفلت برتنے والے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

دوسری جانب گزشتہ روز فیصل آباد کی تحصیل چک جھمرہ میں بھی ایک نجی اسکول کے خستہ حال کلاس روم کی چھت گر گئی تھی، جس کے نتیجے میں نویں جماعت کا 14 سالہ طالب علم زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد محکمہ تعلیم نے اسکول کی عمارت سیل کرتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔ خوش قسمتی سے حادثے کے وقت کلاس میں کوئی دوسرا طالب علم موجود نہیں تھا۔

مسلسل پیش آنے والے ان واقعات نے اسکولوں کی عمارتوں کے حفاظتی معائنے اور بچوں کے لیے محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی کی ضرورت کو نمایاں کر دیا ہے۔