بانی پی ٹی آئی کی نئے صوبوں کی حمایت،پارلیمانی پارٹی کو حکومتی مذاکرات کا مینڈیٹ

اہم سیاسی پیشرفت، خواتین اسیران کی رہائی اولین ترجیح، طبی معائنے کا امکان۔

November 12, 2026 · قومی

بانی پی ٹی آئی کی نئے صوبوں کی حمایت، پارلیمانی پارٹی کو حکومتی مذاکرات کا مینڈیٹ

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی جیل میں ہونے والی اہم ملاقاتوں اور اندرونی سیاسی امور کی نئی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ملک میں نئے صوبے بنائے جانے کی واضح حمایت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام ملکی مفاد میں ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی اور اپنی بہنوں سمیت تمام خواتین اسیران کی فوری رہائی کے لیے مذاکرات کی سخت ہدایت جاری کی ہے۔ اس مقصد کے لیے پارلیمانی پارٹی کو تمام اہم سیاسی معاملات پر حکومت اور متعلقہ فریقین سے بات چیت کرنے کا باضابطہ مینڈیٹ دے دیا گیا ہے تاکہ خواتین کی رہائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب پارٹی رہنماؤں کی ایک اہم شخصیت سے ملاقات کے بعد بانی پی ٹی آئی کو پمز اسپتال کے بجائے کسی نجی اسپتال منتقل کیے جانے کے امکانات پر بھی غور جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق 9 نومبر کو بیرسٹر گوہر، سینیٹر علی ظفر اور سلمان صفدر نے ایک اہم عدالتی شخصیت سے ملاقات کی تھی جس میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ان تک رسائی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

مزید برآں، بشریٰ بی بی کی طبی صورت حال کے حوالے سے بھی پیشرفت ہوئی ہے اور پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد ان کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ آنے والے دنوں میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی رہائی کا بھی امکان موجود ہے۔