سندھڑی کے قریب تیز رفتار ٹرک موٹر سائیکل پر چڑھ گیا ، 4 افراد جاں بحق

چاروں افراد کا تعلق گاؤں عبدالحکیم شر سے بتایا جاتا ہے، ٹرک ڈرائیور گاڑی جائے حادثہ پر چھوڑ کر فرار ہوگیا

November 12, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

میرپورخاص:میرپورخاص میں سندھڑی کے قریب کھاد سے بھرا تیز رفتار ٹرک موٹر سائیکل پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں کمسن بچی اور بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق میرپورخاص کی تحصیل سندھڑی کے قریب گاؤں کالرو کے مقام پر پھلھڈیوں تگوسر روڈ پر میں بھوسے سے بھرا تیز رفتار ٹرک موٹرسائیکل پر چڑھ گیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد بری طرح کچلے جانے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے، چاروں افراد کا تعلق گاؤں عبدالحکیم شر سے بتایا جاتا ہے، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی جائے حادثہ پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں ایمبولینسوں سمیت جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت عبدالغفار شر، کشف شر، رانی اور شاہدہ شر کے ناموں سے ہوئی ہے ۔

دریں اثنا صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے سندھڑی کے قریب ٹرک اور موٹرسائیکل کے درمیان پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لے لیا، صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سے افسوسناک حادثے کی رپورٹ طلب کرلی۔