کراچی منشیات کیس،انمول عرف پنکی اور دو ساتھیوں پر فردِ جرم عائد

تینوں ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے مقدمے کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

November 13, 2026 · قومی
کراچی منشیات کیس،انمول عرف پنکی اور دو ساتھیوں پر فردِ جرم عائد

کراچی منشیات کیس،انمول عرف پنکی اور دو ساتھیوں پر فردِ جرم عائد

کراچی: صوبائی انسدادِ منشیات عدالت نے منشیات برآمدگی کیس میں انمول عرف پنکی اور اس کے دو مبینہ ساتھیوں پر فردِ جرم عائد کردی۔ تینوں ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے مقدمے کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی کے جیل کمپلیکس میں قائم انسدادِ منشیات عدالت میں انمول عرف پنکی، عباد اور عزیز الرحمان کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو فردِ جرم پڑھ کر سنائی، تاہم انہوں نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

عدالت نے مقدمے کی مزید کارروائی کے لیے استغاثہ کے گواہوں کو 23 نومبر کو طلب کرلیا ہے، جن کے بیانات قلمبند کیے جائیں گے۔

استغاثہ کے مطابق رواں سال پولیس نے مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کے دوران منشیات کا مقدمہ درج کیا تھا۔ اس دوران ایک ملزم مبینہ طور پر منشیات پھینک کر فرار ہوگیا، جبکہ موٹر سائیکل پر سوار عباد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔

استغاثہ کا مزید مؤقف ہے کہ گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران انمول عرف پنکی کو مبینہ طور پر منشیات فراہم کرنے والی خاتون بتایا، جس کے بعد انہیں بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت 23 نومبر کو مقرر کرتے ہوئے گواہوں کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔