لاہور ہائیکورٹ نے دو سالہ بچی کی ہلاکت کے مقدمے میں ملزم کو بری کر دیا

سلیم شیخ نے ملزم کی جیل اپیل پر 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں قرار دیا گیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

November 13, 2026 · قومی
لاہور ہائیکورٹ نے دو سالہ بچی کی ہلاکت کے مقدمے میں ملزم کو بری کر دیا

لاہور ہائیکورٹ نے دو سالہ بچی کی ہلاکت کے مقدمے میں ملزم کو بری کر دیا

لاہور ہائیکورٹ نے دو سالہ بچی ہیکل بی بی کی ٹریکٹر تلے کچل کر جاں بحق ہونے کے مقدمے میں ملزم شاہ نواز کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسے بری کرنے اور فوری رہائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ماتحت عدالتوں کی جانب سے عائد کردہ دیت کی سزا بھی کالعدم قرار دے دی۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے ملزم کی جیل اپیل پر 14 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں قرار دیا گیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا۔

ٹرائل کورٹ نے شاہ نواز کو 20 لاکھ 55 ہزار روپے دیت ادا کرنے کی سزا سنائی تھی، جسے سیشن کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا۔ تاہم لاہور ہائیکورٹ نے دونوں ماتحت عدالتوں کے فیصلے منسوخ کرتے ہوئے ملزم کو بری کر دیا۔

تحریری فیصلے کے مطابق مدعیہ سکینہ بی بی نے جرح کے دوران تسلیم کیا کہ اس نے خود حادثہ ہوتے نہیں دیکھا۔ بچی کے والد کے بیان میں بھی تضادات سامنے آئے اور ان کا بعد کا بیان ابتدائی بیان سے مختلف تھا۔ عدالت نے بچی کی والدہ کلثوم بی بی کو بطور گواہ پیش نہ کرنے پر بھی سوالات اٹھائے۔

عدالت نے مقدمے کے اندراج میں غیر معمولی تاخیر کو بھی اہم قرار دیا۔ واقعے کے تقریباً چھ ماہ اور 26 دن بعد ایف آئی آر درج کرائی گئی، تاہم اس تاخیر کی کوئی تسلی بخش وجہ پیش نہیں کی جا سکی۔

فیصلے میں تفتیشی خامیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ مبینہ طور پر برآمد کیا گیا ٹریکٹر عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی فرانزک شہادت سامنے آئی جس سے اس گاڑی کا واقعے سے تعلق ثابت ہو سکے۔

عدالت کے مطابق قبر کشائی کے دوران ملنے والے ڈھانچے کی شناخت بھی قابلِ اعتماد شواہد سے ثابت نہیں ہو سکی۔ ڈی این اے ٹیسٹ اور ایکسرے نہیں کرائے گئے جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ سے بھی ڈھانچے کی شناخت یا موت کی وجہ کا تعین نہیں ہو سکا۔

لاہور ہائیکورٹ نے نمونوں کی تحویل اور منتقلی کے ریکارڈ میں خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے قبر کشائی کے عمل سے متعلق رہنما اصول بھی جاری کیے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ایسے مقدمات میں قانونی تقاضوں، شناخت اور فرانزک شواہد کی محفوظ تحویل کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف الزام ثابت کرنے کے لیے کافی شواہد پیش نہیں کر سکا، لہٰذا شاہ نواز کو بری کرکے فوری رہا کرنے کا حکم دیا گیا، تاہم اس کی رہائی کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہ ہونے سے مشروط ہے۔