خلیجی ممالک کی درخواست پر ایران پر مزید حملے روک دیے، ٹرمپ
جنگ فوری طور پر ختم کر سکتے ہیں، لیکن فی الحال ایران پر فوجی اور معاشی دباؤ برقرار رکھنے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
خلیجی ممالک کی درخواست پر ایران پر مزید حملے روک دیے، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب، قطر اور دیگر خلیجی ممالک کی درخواست پر ایران کے خلاف مزید بڑے حملے فی الحال روک دیے گئے ہیں، تاہم تہران پر فوجی اور معاشی دباؤ برقرار رکھا جا رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں اسٹیفن اے اسمتھ کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب نے انہیں موجودہ صورتحال برقرار رکھنے کی درخواست کی ہے۔ ان کے مطابق قطر، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین بھی امریکی حکمت عملی جاری رکھنے کے حامی ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں خود اس حکمت عملی سے مکمل اتفاق نہیں، تاہم خلیجی اتحادیوں کی درخواستوں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ ان سے سوال کیا گیا کہ اگر اتحادی ممالک مزید حملے روکنے کی درخواست نہ کرتے تو کیا وہ ایران پر دوبارہ حملے کرتے؟ اس پر امریکی صدر نے جواب دیا کہ وہ ایسا کرتے۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ اگر فیصلہ کر لیا جائے تو ایران کے توانائی کے نظام، پلوں اور صنعتی ڈھانچے کو چند دنوں میں تباہ کیا جا سکتا ہے۔ ان کے بقول ایران کا توانائی کا نظام ایک دن میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے، جبکہ پورا عمل تین دن میں مکمل ہو سکتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگ فوری طور پر ختم کر سکتے ہیں، لیکن فی الحال ایران پر فوجی اور معاشی دباؤ برقرار رکھنے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
امریکی صدر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ایران جنگ کے باعث پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست میں کردار ادا کیا، تاہم انہوں نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار سسٹم کو تباہ کر دیا ہے۔ اس سے قبل ایران کے علاقے سریک میں فوجی حملے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔