وفاقی آئینی عدالت نے ایک سال میں 9 ہزار مقدمات نمٹائے،چیف جسٹس امین الدین خان

مقدمات جلد نمٹانے کے لیے وکلا کے دلائل کا دورانیہ مقرر کیا گیا ہے، جو دنیا بھر میں رائج طریقہ کار ہے۔

November 13, 2026 · قومی
وفاقی آئینی عدالت نے ایک سال میں 9 ہزار مقدمات نمٹائے،چیف جسٹس امین الدین خان

وفاقی آئینی عدالت نے ایک سال میں 9 ہزار مقدمات نمٹائے،چیف جسٹس امین الدین خان

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ عدالت نے اپنے قیام کے پہلے سال کے دوران 9 ہزار مقدمات کے فیصلے کیے، جو ان کے مطابق اس عرصے میں کسی بھی عدالت کی جانب سے نمٹائے گئے مقدمات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

وفاقی آئینی عدالت کے قیام کو ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں عدالت کے تمام ججز، اٹارنی جنرل، پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران سمیت عدالتی عملے نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران عدالت نے ریکارڈ تعداد میں مقدمات کے فیصلے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمات جلد نمٹانے کے لیے وکلا کے دلائل کا دورانیہ مقرر کیا گیا ہے، جو دنیا بھر میں رائج طریقہ کار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ادارے کو اپنی کارکردگی پر مکمل اطمینان نہیں کرنا چاہیے بلکہ مسلسل بہتری کے لیے کوشش جاری رکھنی چاہیے۔ چیف جسٹس نے عدالت کا ایک سال مکمل ہونے پر ججز اور وکلا کو مبارکباد بھی دی اور عدالتی عملے کو دلجمعی سے کام کرنے کا پیغام دیا۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس امین الدین خان نے 24 ستمبر کو مقدمات کی جلد سماعت اور زیر التوا مقدمات نمٹانے کے لیے وکلا کے دلائل کا وقت 10 منٹ مقرر کیا تھا۔ اس فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے کمرہ عدالت میں اسٹاپ واچ بھی نصب کی گئی، جو مقررہ وقت مکمل ہونے پر بیپ کی آواز دیتی ہے۔

تقریب کے دوران وفاقی آئینی عدالت کے ایک سالہ سفر پر خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی جبکہ چیف جسٹس نے یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی اور ای کورٹ کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر عدالت کے اہم فیصلوں کے اردو تراجم پر مشتمل کتاب بھی جاری کی گئی۔

وفاقی آئینی عدالت کا قیام نومبر 2025 میں 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد عمل میں آیا تھا۔ جسٹس امین الدین خان کو 13 نومبر 2025 کو عدالت کا پہلا چیف جسٹس مقرر کیا گیا تھا۔