اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی معیشت کی سالانہ رپورٹ 2026 جاری کردی

معاشی اشاریوں میں بہتری، مہنگائی وسط مدتی ہدف کی بالائی حد کے قریب رہنے کا انکشاف

November 16, 2026 · قومی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی معیشت کی سالانہ رپورٹ 2026 جاری کردی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی معیشت کی سالانہ رپورٹ برائے 2026 جاری کردی، جس کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران تمام اہم اقتصادی اشاریوں میں بہتری ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملکی معیشت نے مقامی اور عالمی اقتصادی دھچکوں کے مقابلے میں لچک کا مظاہرہ کیا۔

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق محتاط مانیٹری پالیسی اور معاشی اصلاحات نے ملک میں معاشی استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

رپورٹ میں مالی سال 2027 کے دوران حقیقی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 2026 کے دوران مہنگائی وسط مدتی ہدف 5 سے 7 فیصد کی بالائی حد کے قریب رہی، تاہم مالی سال 2027 میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کی حد میں رہنے کا امکان ہے۔