فرانسیسی اداکار جیرار ڈیپارڈیو نے خواتین سے زیادتی پر معافی مانگ لی
انہیں عدالت نے قصوروار قرار دیا ہے، وہ عدالتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے 18 ماہ قید کی معطل سزا قبول کرتے ہیں، تحریری بیان
فائل فوٹو
پیرس: فرانس کے معروف اداکار جیرار ڈیپارڈیو نے دو خواتین کو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنانے کے جرم میں سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل واپس لینے کا اعلان کردیا اور متاثرہ خواتین سے معافی بھی مانگ لی۔
امریکی میڈیا کے مطابق 77 سالہ اداکار نے پیرس میں اپیل کی سماعت شروع ہونے سے قبل تحریری بیان میں کہا کہ انہیں عدالت نے قصوروار قرار دیا ہے، وہ عدالتی فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے 18 ماہ قید کی معطل سزا قبول کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام افراد سے گہری اور مخلصانہ معذرت کرتے ہیں جنہیں ان کے رویے سے تکلیف پہنچی۔
جیرار ڈیپارڈیو کو مئی 2025 میں 2021 میں فلم ’’لیس وولے ورٹس‘‘ کی شوٹنگ کے دوران 54 سالہ سیٹ ڈیکوریٹر اور 34 سالہ اسسٹنٹ کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔
عدالت نے انہیں 18 ماہ قید کی معطل سزا سنانے کے علاوہ دونوں متاثرہ خواتین کو مجموعی طور پر 29 ہزار 40 یورو ہرجانہ ادا کرنے اور ان کا نام قومی جنسی مجرموں کے رجسٹر میں شامل کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
اداکار نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ وہ طویل عرصے تک فلمی سیٹ پر نامناسب مذاق اور اشتعال انگیز رویے کے پیچھے چھپتے رہے اور سمجھتے تھے کہ ان کے الفاظ اور بعض حرکات کے کوئی نتائج نہیں ہوں گے، تاہم ایسا نہیں تھا۔