ساہیوال میں خود کو پولیس انسپکٹر ظاہر کرکے 20 لاکھ روپے بٹورنے والا ملزم گرفتار
اہم کارروائی، شہری کے بیٹے کی شادی پر دھمکیاں دی گئیں، پوری رقم برآمد کرلی گئی
ساہیوال میں خود کو پولیس انسپکٹر ظاہر کرکے 20 لاکھ روپے بٹورنے والا ملزم گرفتار
ساہیوال کے رہائشی سید حمزہ ارشاد بخاری کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خود کو پولیس انسپکٹر ظاہر کرکے شہری سے 20 لاکھ روپے بٹورنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شاہد بشیر چیمہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفصیلات کے مطابق ملزمان شہری کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں پہنچے اور گرفتاری کی دھمکیاں دے کر اس سے رقم کا مطالبہ کیا۔ دستیاب دستاویزات اور ترجمان کے بیان کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر تین مختلف بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے شہری سے مجموعی طور پر 20 لاکھ روپے وصول کیے۔
حکام نے بتایا کہ کامیاب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون اور شہری سے فراڈ کے ذریعے وصول کی گئی مکمل 20 لاکھ روپے کی رقم برآمد کرلی گئی ہے۔ واقعے میں ملوث دوسرے ملزم میاں وسیم کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں، جس پر الزام ہے کہ اس نے مبینہ کلیئرنس دلوانے کے نام پر شہری سے مزید 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ این سی سی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے دیگر تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔