کراچی میں فوڈ ایگ 2026 کا افتتاح، 72 ممالک کے 820 مندوبین شریک
400 نمائش کنندگان کی مصنوعات فوڈ ایگ میں پیش
وفاقی وزیر جام کمال خان نے یوگنڈا کے وزیر زراعت، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ اور صوبائی وزرا کے ہمراہ ربن کاٹ کر نمائش کا افتتاح کر رہے ہیں
کراچی : ایکسپو سینٹر میں تین روزہ بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش “فوڈ ایگ 2026” کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے تقریب میں پرچم کشائی کی، جس کے بعد انہوں نے یوگنڈا کے وزیر زراعت، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ اور صوبائی وزرا کے ہمراہ ربن کاٹ کر نمائش کا باضابطہ افتتاح کیا۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی اس میگا نمائش کی افتتاحی تقریب میں وفاقی و صوبائی وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام، مختلف ممالک کے سفارت کاروں، کاروباری شخصیات اور چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، فوڈ ایگ 2026 میں 72 ممالک کے 820 بین الاقوامی مندوبین شریک ہیں۔
نمائش میں پاکستان بھر سے 400 سے زائد نمائش کنندگان نے اپنے اسٹالز لگائے ہیں، جہاں جدید زرعی اجناس، پراسیسڈ فوڈ، ڈیری، پھل، سبزیاں، سمندری خوراک (سی فوڈ) اور مصالحہ جات سمیت مختلف پاکستانی مصنوعات عالمی خریداروں کے سامنے پیش کی جا رہی ہیں۔نمائش کے دوران مقامی برآمد کنندگان اور غیر ملکی خریداروں کے درمیان بزنس ٹو بزنس (B2B) ملاقاتوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ ملکی زرعی برآمدات میں اضافہ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکا کا کہنا تھا کہ فوڈ ایگ 2026 جیسے عالمی ایونٹس پاکستان کی زرعی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے اور عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔