وکلا سے خطاب روکنے کیلئے لاہور میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کا پولیس محاصرہ
پولیس نے سوسائٹی کے مرکزی دروازے پر کنٹینر بھی رکھ دیا ہے، جبکہ سوسائٹی کے رہائشیوں کو بھی آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وکلا سے خطاب روکنے کیلئے لاہور میں مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کا پولیس محاصرہ
جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن گزشتہ شب لاہور پہنچے تھے۔ انہیں آج ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر وکلا سے خطاب کرنا ہے، تاہم پولیس نے ان کی رہائش گاہ کے باہر نفری تعینات کرکے نقل و حرکت محدود کردی ہے۔
جے یو آئی کے مطابق پولیس نے سوسائٹی کے مرکزی دروازے پر کنٹینر بھی رکھ دیا ہے، جبکہ سوسائٹی کے رہائشیوں کو بھی آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مولانا فضل الرحمٰن کو گھر سے باہر آنے سے روکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں۔ کسی سیاسی رہنما کی آزادانہ نقل و حرکت میں رکاوٹ ڈالنا بنیادی شہری آزادیوں اور جمہوری روایات کے منافی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس فوری طور پر تمام رکاوٹیں ختم کرے اور مولانا فضل الرحمٰن کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو جمعیت وکلا فورم پاکستان سخت ردعمل دے گا۔
دوسری جانب جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ نصیر احمد احرار نے رات گئے پارٹی ذمہ داران کی گرفتاریوں اور مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کے باہر پولیس تعیناتی پر شدید احتجاج کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے اقدامات قابل مذمت ہیں، حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن جماعت کے لیے ریڈ لائن ہیں۔