عمائدین پونچھ کی مشاورتی کانفرنس، مثبت اقدام

بشیر سدوزئی

November 25, 2026 · کالم

 

بے شک سردار محمد ابراہیم خان کا خاندان آزاد جموں و کشمیر، بالخصوص راولاکوٹ کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم اور بنیادی حیثیت کا حامل ہے۔ راولاکوٹ کے لوگوں نے بانی آزاد حکومت سردار محمد ابراہیم خان کی خدمات کے اعتراف میں ان کی تیسری نسل کے ساتھ بھی اپنا سیاسی عہد نبھایا۔ یہ محض خاندانی وابستگی نہیں بلکہ ایک تاریخی تعلق، سیاسی اعتماد اور خدمات کے اعتراف کا تسلسل ہے۔ تاہم گزشتہ چھ ماہ سے راولاکوٹ کے عوام جس اضطراب، مشکلات، کشیدگی اور بے یقینی کا سامنا کر رہے ہیں، اس دوران سردار خالد ابراہیم خان کے صاحبزادوں کی خاموشی علاقے کے سیاسی حلقوں میں اچھی نظر سے نہیں دیکھی جا رہی تھی۔ ایسے میں 23 نومبر کو اسلام آباد میں عمائدین پونچھ کی مشاورتی کانفرنس کا انعقاد تاخیر سے سہی، ایک مثبت سیاسی پیش رفت محسوس ہوا۔ اس موقع پر غالب یاد آتے ہیں:

ہوئی تاخیر تو کچھ باعث تاخیر بھی تھا
آپ آتے تھے مگر کوئی عناں گیر بھی تھا

تم سے بے جا ہے مجھے اپنی تباہی کا گلہ
اس میں کچھ شائبۂ خوبی تقدیر بھی تھا

جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام سردار حسن ابراہیم خان اور سردار اسد ابراہیم خان کی دعوت پر اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہونے والی یہ مشاورتی کانفرنس پانچ گھنٹے تک جاری رہی۔ کانفرنس کی کامیابی کا پیمانہ صرف یہ نہیں کہ چھ چھن سے تولی پیر کی بلندیوں تک اور دھرکوٹ سے خورشید آباد تک پونچھ کے مختلف علاقوں سے ڈھائی تین سو کے لگ بھگ عمائدین نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس میں سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکن، وکلا، صحافی، خواتین، سول سوسائٹی کے نمائندے اور حالیہ بحران سے متاثرہ خاندانوں کے افراد بھی شریک تھے۔ تقریباً ڈیڑھ سو سے زائد شرکا نے کھل کر اپنے جذبات، تحفظات، شکایات اور تجاویز کا اظہار کیا۔

اصل کامیابی یہ تھی کہ اختلافات کے باوجود لوگوں کو ایک میز پر بیٹھنے اور ایک دوسرے کی بات سننے کا موقع ملا۔

کانفرنس میں کسی نے سنئیر رہنماؤں کی موجودگی میں سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں پر تنقید کی، کسی نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے طرز عمل کو ناپسندیدہ قرار دیا، بعض شرکا نے اسلحہ بردار گروہوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور کچھ نے خدشہ ظاہر کیا کہ حالیہ واقعات سے تحریک آزادی جموں و کشمیر اور پاکستان و کشمیریوں کے مشترکہ بیانیے کو نقصان پہنچا ہے۔ مگر اس کے مقابلے میں ایک بڑی آواز یہ بھی تھی کہ تنقید اپنی جگہ، یہ ہمارے ہی لوگ ہیں، ہماری اپنی زمین کے باشندے ہیں، ہمارے ہی معاشرے کا حصہ ہیں۔ اگر کسی نے زبان میں سختی کی، کسی نے سیاسی حدود سے تجاوز کیا، تب بھی بحران کا حل تصادم نہیں بلکہ مکالمہ ہونا چاہیے۔ جب عوام اور ریاست دونوں امتحان میں ہوں تو اہل سیاست، اہل دانش اور سماجی رہنماؤں کا کردار پل بنانے والوں کا ہونا چاہیے، دیواریں کھڑی کرنے والوں کا نہیں۔

راولاکوٹ کے معروف فرزند جاوید نثار خان نے میزبانی کے فرائض انجام دیے اور کوشش کی کہ مقررین مختصر وقت میں اپنی گفتگو مکمل کریں، لیکن ممبر اسمبلی فرزانہ یعقوب خان نے اپنی گفتگو میں کشمیریوں کے بارے میں معروف جملہ پھر دہرا دیا کہ انہیں مائیک مل جائے تو چھوڑنے کا نام نہیں لیتے۔ کانفرنس میں بھی یہی کیفیت رہی۔ پانچ گھنٹے تک مسلسل تقریریں جاری رہیں، جن میں بعض گفتگو موضوع سے متعلق، بامعنی اور سنجیدہ تھی، جبکہ کچھ باتیں بے پر کی اڑانے اور ذاتی اظہار و خودنمائی کی صورت بھی اختیار کر گئیں۔ پونچھ سے تعلق رکھنے والی راولپنڈی کی ایک وکیل ذوفشاں ایڈووکیٹ کو بولنے کا موقع نہ مل سکا انہوں نے بعد ازاں ایک ویڈیو کلپ میں اپنا بیان جاری کیا۔تاہم ایسے اجتماعات کی یہی خوبی اور خامی ہوتی ہے کہ جب لوگوں کو اظہار کا موقع ملتا ہے تو ان کے اندر جمع شدہ جذبات بھی باہر آتے ہیں۔ اجتماع بڑا ہو تو کچھ لوگوں کو موقع نہیں ملتا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما سردار عابد حسین عابد کو سب سے پہلے خطاب کی دعوت دی گئی، یوں مشاورتی کانفرنس کا آغاز ان کی گفتگو سے ہوا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ عوام جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہیں، لہٰذا اس مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے ناکوں کی ضرورت پر سوال اٹھایا اور ان کے خاتمے کی بات کی۔ اس کے ساتھ انہوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ سیاسی جماعتوں نے بحران کے حل کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا، بلکہ ان کا شکوہ تھا کہ سیاسی جماعتوں اور کارکنوں کو عوام میں غیر متعلق بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما زاہد رفیق نے کہا کہ حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی دونوں نے 4 جون 2026ء تک اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کیں۔ سیاسی جماعتوں نے کوششیں کیں لیکن دونوں فریق اپنی اپنی جگہ قائم رہے۔ ان کے نزدیک اب ایک ایسی کمیٹی تشکیل دی جانی چاہیے جو بحران کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے۔

قیوم افسر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اس بحران میں ان کا خاندان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے 1950.52کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی پونچھ کے عوام اور مقتدرہ قوتوں میں غلط فہمی پیدا ہوئی تھی، اس وقت کے معززین جن میں کرنل رحمت اللہ خان، میجر فیروز دین، سردار مختار حان سردار لطیف جنرل ایوب کے پاس گے تھے، اور خلیج کو کم کرنے میں کردار ادا کیا تھا۔ وہ اس وقت بہت کم عمر نوجوان تھے جب کہ آج حاجی یعقوب خان، مسعود حان، ڈاکٹر خالد وسیع سیاسی و انتظامی تجربہ اور عمر رسید ہونے کے باوجود غلط فہمیوں کو دور کرنے میں کردار ادا کیوں نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ چھ ماہ سے ریڈ زون میں اپنے بچوں کے ہمراہ مشکل سے مشکل وقت دیکھا ہے چاندنی چوک راولاکوٹ ہماری ذاتی ملکیت یے اور ادھر چڑیا بھی پر نہیں مار سکتی ایسے حالات میں ہم رہ رہے ہیں۔

پلندری سے تعلق رکھنے والے ایک انقلابی مقرر نے ریاست کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا، لیکن ان کے ساتھ بیٹھے اعجاز یوسف نے اس مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ زبان ضرور غلط استعمال ہوئی، مگر ہم اپنے لوگوں کو چھوڑ نہیں سکتے۔ ہمیں دھریک کے دھرنے میں جانا چاہیے، لوگوں سے بات کرنی چاہیے اور اپنے لوگوں کو بچانے کی کوشش کرنی چاہیے۔ یہی وہ دو مختلف زاویے تھے جو اس کانفرنس میں نمایاں ہوئے، ایک طرف سختی اور کارروائی کا مطالبہ، دوسری طرف اختلاف کے باوجود اپنے لوگوں کو بچانے اور مکالمے کا راستہ اختیار کرنے کی خواہش۔ سابق وزراء آعظم سردار محمد یعقوب خان اور سردار تنویر الیاس خان نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ دھرنے میں بیٹھنے والے ہمارے عزیر ہیں، پہلے دن سے یہ کہا کہ ہمارے ہاں کوئی دہشت گرد نہیں۔
پاکستان اور بھارت کو پیغام ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام ایک صفحہ پر ہے اور جو ہمارے ابواجداد کی سوچ تھی وہاں پر ہی کھڑے ہیں ہے۔

جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندے عابد اشرف نے وضاحت کی کہ ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان اور کشمیریوں کے درمیان جو رشتہ ہے اس میں کوئی دراڑ نہیں ڈال سکتا، ہم پاکستانی عوام اور اداروں کا احترام کرتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی قیادت میں کمیشن بنایا جائے جس نے جرم کیا ثابت ہونے پر سزا دی جائے ہماری تحریک بنیادی حقوق کی ہے اور ہم پر امن لوگ ہیں۔ ہماری بنیادی حقوق کی تحریک ہے، جس کو حکومتی سطح پر تسلیم کر کے معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کوئی رجسٹرڈ باڈی نہیں تو کالعدم کس کو قرار دیا گیا۔ انہوں نے سنئیر قیادت کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ اس جرم میں آپ لوگ بھی شریک ہیں لیکن ہم آپ سے شکایت نہیں کرتے صرف وضاحت کرتے ہیں کہ ہم نے کوئی جرم نہیں کیا اور نہیں قانون کی خلاف ورزی کی، اگر کوئی مجرم ہے تو اسے سزا ملنی چاہیے۔

میزبان اسد ابراہیم خان نے تمام مندوبین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ بات غلط ہے کہ ہم خوفزدہ ہیں، ہم اس بحران کے حل کے لیے پہلے بھی کوشاں تھے اور اب بھی ہیں۔

جماعت اسلامی کے سابق امیر ڈاکٹر خالد محمود کی گفتگو مختصر مگر بامقصد رہی، آپریشن کی سچ احمقانہ ہے۔ تاہم کانفرنس کا سب سے اہم اور نتیجہ خیز حصہ سابق سفارت کار سردار مسعود خان کی گفتگو تھی، جو پروٹوکول سے ہٹ کر پہلے ہوئی۔ جس نے نہ صرف اجلاس کو فکری سمت دی بلکہ اعلامیے کی تشکیل میں بھی بنیادی کردار ادا کیا۔ ان کی گفتگو طویل تھی، مگر ہر لفظ میں وزن، ہر جملے میں تجربہ اور ہر دلیل میں ایک فکری ترتیب محسوس ہوتی تھی۔ ان کی اردو میں ایسی شستگی اور تہذیبی لطافت تھی کہ مجھے کراچی کے زمانۂ طالب علمی کے وہ دن یاد آگئے جب ڈاکٹر جمیل جالبی، پروفیسر فرمان فتح پوری، پروفیسر سحر انصاری اور ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی جیسے اردو زبان کے نامور اہل علم کی گفتگو سننے کا موقع ملتا تھا۔

سردار مسعود خان کی گفتگو میں بھی زبان کی تہذیب، فکری پختگی اور سیاسی بصیرت کا امتزاج تھا۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا یہاں موجود بعض لوگوں کے ساتھ فاصلہ رہا ہے، کیونکہ بیشتر افراد انہیں غیر سیاسی سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق ریاست میں شدید نفاق موجود ہے، سیاسی جماعتوں اور رہنماؤں کے درمیان نظریاتی اختلافات بعض اوقات دشمنی کی کیفیت اختیار کر لیتے ہیں اور ایک دوسرے کو گرانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ خود ان کے بارے میں بھی نامناسب الفاظ استعمال کیے گئے،ہسیاست دانوں اور عوام کے درمیان فاصلے بڑھتے چلے گئے۔انہوں نے 2023ء میں کل جماعتی مخلوط حکومت کے قیام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت تقریباً تمام بڑی سیاسی جماعتیں اقتدار کا حصہ بن گئی تھیں۔ وہ خود اس وقت امریکہ میں تھے، جہاں انہوں نے ایک اعلان پڑھا کہ اس مخلوط حکومت میں شامل افراد کو ایک ایک ارب روپے دیے جائیں گے۔ ان کے مطابق عوام کو سیاسی جماعتوں اور سیاست دانوں پر اعتماد نہیں تھا کہ وہ کسی منصوبے پر رقم ایمانداری سے خرچ کریں گے، یہی عدم اعتماد عوامی ردعمل کی ایک وجہ بنا۔

سردار مسعود نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے قیام کے اسباب، عوامی مطالبات اور بعد کے حالات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ عوام کے حقوق کی تحریک میں پاکستان دشمن عناصر بھی شامل ہو گئے، تاہم عوام کے جائز مطالبات کو کسی صورت دفن نہیں ہونا چاہیے۔ ان کی تجاویز میں یہ نکتہ خاص طور پر اہم تھا کہ عوام کو موجودہ کشیدگی اور بحران سے نکالنے کے لیے مظاہروں اور سیکیورٹی آپریشنز کو بیک وقت پیچھے ہٹنا چاہیے، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی کے معاملے میں ریلیف دینے کا واضح طریقہ طے کیا جائے، اسلحہ رکھنے والے نوجوانوں کے لیے ڈی ڈی آر (Disarmament, Demobilization and Reintegration) کا طریقہ اختیار کیا جائے، حکومت اب تک عوامی مطالبات پر کیے گئے اقدامات کی تفصیلات وائٹ پیپر کی صورت میں شائع کرے، بیرون ملک وفود بھیج کر غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جائے، پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے، ایکشن کمیٹی کو محفوظ راستہ دیا جائے اور جن افراد کی جانیں ضائع ہوئی ہیں، ان کے معاوضے کا انتظام کیا جائے۔

یہ تجاویز محض سیاسی تقریر کا حصہ نہیں بلکہ بحران سے نکلنے کے لیے ایک عملی راستے کی نشاندہی کرتی ہیں۔ اس میں ریاست کے لیے بھی گنجائش ہے، عوام کے لیے بھی، جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لیے بھی اور سیاسی جماعتوں کے لیے بھی۔ اگر ان تجاویز پر سنجیدگی سے عمل درآمد ہو تو کشیدگی کو کم کرنے، اعتماد بحال کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

سردار مسعود خان کی تجاویز کی روشنی میں کانفرنس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا اور انہی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں سابق صدر و وزیراعظم سردار حاجی محمد یعقوب خان، سردار تنویر الیاس خان، ڈاکٹر خالد محمود، بریگیڈیئر (ر) محمد خان اور کانفرنس کے میزبان سردار حسن ابراہیم خان شامل ہیں۔

پونچھ کی یہ مشاورتی کانفرنس اس لحاظ سے امید کی ایک کرن ہے کہ جب معاشرے میں اختلافات شدید ہوں، سیاسی تقسیم گہری ہو اور عوام و ریاست کے درمیان اعتماد کا بحران پیدا ہو جائے، تب بھی مکالمے کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔ پونچھ کی زمین نے ہمیشہ قربانی، مزاحمت، وفاداری اور اجتماعی شعور کی تاریخ رقم کی ہے۔ آج اس زمین کو مزید خون، مزید نفرت اور مزید تقسیم نہیں بلکہ حکمت، تحمل، انصاف اور سیاسی بصیرت کی ضرورت ہے۔

عمائدین پونچھ کا یہ اجتماع اگر محض ایک نشست نہیں بلکہ عملی اقدامات کا آغاز بن جائے تو اسے واقعی مثبت اقدام کہا جا سکتا ہے۔ یہ امید کی ایک کرن ہے کہ اس کمیٹی میں چوٹی کے لوگ شامل کئے گئے ہیں، جو دونوں جانب بات کرنے اور مثبت بات منوانے کی حکمت اور طاقت رکھتے ہیں، اسی باعث ہم پر امید ہیں کہ راولاکوٹ کی ویران سڑکوں اور بند گلیوں میں ایک مرتبہ پھر رونق لوٹ آنے کی امید بھر آئی ہے، اور اس کا کریڈٹ سردار محمد ابراہیم خان کے خاندان کو ہی جائے گا، وہ سردار مسعود خان ہوں، حسن ابراہیم یا اسد ابراہیم جنہوں نے ان نامساعد حالات میں بھی اتنا بڑا مجمع جمع کیا اور مثبت پیش رفت کی جانب پیش قدمی ہوئی۔