کوہاٹ میں جدید اسلحے کامطالبہ کرنے والے 30 پولیس اہلکاروں کاتبادلہ۔ دوبارہ احتجاج کی تیاریاں
کچہری چوک پر جمع ہونے کا سلسلہ شروع
تصویر: سوشل میڈیا
دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے پولیس اہلکار اپنے تحفظ اور جائز حقوق کا مطالبہ کرنے پر تبادلوں کی زد میں آ گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق احتجاج کے دو روز بعد کوہاٹ سے تقریباً 30 پولیس اہلکاروں کو دیگر اضلاع میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تبادلے آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے احکامات پر عمل میں لائے گئے ہیں۔ اس حوالے سے 24 نومبر 2026 کا ایک تحریری نوٹس بھی سامنے آیا ہے، جس میں پانچ پولیس اہلکاروں کے تبادلوں کی تفصیلات، ان کے سروس نمبرز اور نئے تعیناتی اضلاع کا باقاعدہ ذکر موجود ہے۔ جاری کردہ احکامات میں تبادلوں پر فوری عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اس حوالے سے کمپلائنس رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔
دوسری جانب ان تبادلوں کے بعد احتجاج کرنے والے پولیس اہلکاروں میں ایک بار پھر شدید بے چینی پھیل گئی ہے اور انہوں نے دوبارہ احتجاج کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ پولیس امن کمیٹی نے کوہاٹ، ہنگو، کرک اور درہ آدم خیل کے ساتھی اہلکاروں کو تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، جس کے بعد کال دیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا ذرائع کے مطابق ،کچہری چوک کوہاٹ میں پولیس اہلکاروںکے جمع ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آج پولیس کی جانب سے دوبارہ احتجاج کیے جانے کا امکان ہے۔
کوہاٹ پولیس نے گذشتہ دنوں احتجاج میں مطالبہ کیا تھاکہ دہشت گردوں سے لڑنے کے لیے جدید اسلحہ فراہم کیا جائے۔