فلیٹ میں گھسنے کے بعد واش روم سے فرار ہونے کی کوشش کرنے والا شخص چوتھی منزل سے نیچے جاگرا
ہسپتال منتقل ۔واقعہ ٹیپوسلطان تھانے کے علاقے میں پیش آیا
تصویر: سوشل میڈیا
کراچی میں مبینہ طور پر لوٹ مار کی نیت سے خالی فلیٹ میں داخل ہونے والا شخص عمارت کی چوتھی منزل سے گر کر زخمی ہوگیا۔
واقعہ محمود آباد کے علاقے تھانہ ٹیپوسلطان کی حدود میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ملزم خالی فلیٹ میں داخل ہوا تھا، تاہم اہلِ خانہ کے پہنچنے پر اس نے واش روم کے روشن دان سے فرار ہونے کی کوشش کی اور عمارت سے لٹک گیا۔ چند سیکنڈ بعد گرفت کمزور ہونے کے باعث وہ نیچے کی طرف پھسلا اور دکان کے شیڈ سے ٹکراتے ہوئے سڑک پر گر گیا۔
زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ایس ایچ او ٹیپو سلطان راجہ سنور کے مطابق پولیس نے زخمی شخص کو حراست میں لے لیا ہے، خاتون کی مدعیت میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔