پرویز خٹک نے الیکشن کمشن سے غیر مشروط معافی مانگ لی

پشاور: سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے انتخابی مہم کے دوران غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن سےغیرمشروط معافی مانگ لی۔
چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے انتخابی مہم کے دوران پرویز خٹک کی غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے کے معاملے کی سماعت کی۔ پرویزخٹک کی جانب سے ان کے وکیل بشیرمہمند پیش ہوئے۔
وکیل سکندر بشیر نے پرویز خٹک کی جانب سے تحریری جواب جمع کروایا، جس میں انہوں نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔
اپنے تحریری جواب میں پرویز خٹک نے کہا ہے کہ انہوں نے جو کچھ کہا وہ غیر اختیاری تھا، وہ اپنے الفاظ پر شرمندہ ہیں اور غیرمشروط معافی مانگتے ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک خود بھی پیش نہیں ہوئے۔ جس پر وکیل سکندر بشیر نے جواب دیا کہ پرویز خٹک میڈیا پر اپنے الفاظ پر وضاحت کرتے ہوئے معافی مانگ چکے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ویڈیو کلپ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی۔