العزیزیہ ریفرنس: شریف خاندان کی ٹرانزیکشن رپورٹ پیش

اسلام آباد: احتساب عدالت میں العزیزیہ ریفرنس کی سماعت کے دوران نیب کے گواہ واجد ضیا نے شریف خاندان کی ٹرانزیکشن رپورٹ پیش کردی۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔ استغاثہ کے گواہ واجد ضیانے نواز شریف کی جانب سے مریم نواز کو جاری چیکوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 14 اگست 2016 کو نواز شریف نے مریم نواز کو ایک کروڑ 95 لاکھ کا چیک جاری کیاتھا۔ واجد ضیاء کے مطابق 13 جون 2015 کو نواز شریف نے مریم نواز کو بارہ ملین اور تین نومبر 2015 کو نواز شریف نے مریم نواز کو 2 کروڑ 88 لاکھ کا چیک دیا۔ نیب کے گواہ نے بتایا کہ یکم نومبر 2015 کو نواز شریف نے مریم نواز کو 65 لاکھ اور 10 مئی 2015 کو دس کروڑ پچاس لاکھ روپے کا چیک دیا جبکہ 21 نومبر 2015 کو نواز شریف نے مریم نواز کو 18 لاکھ روپے کا چیک دیا اور 27 مارچ 2016 کو 40 ملین کا چیک جاری کیا۔ واجد ضیاء کے بقول نواز شریف نے 14 فروری کو 50 لاکھ، دس مئی 2016 کو 37 ملین، دس فروری 2016 کو 30 ملین اور 31 جنوری 2017 کو 6 ملین کا چیک مریم صفدر کے نام جاری کیا ۔