امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں۔فضل الرحمان

لاہور: متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکہ اور مغربی دنیاآج امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں جو انسان حقوق کا نام بھی لیتے ہیں اور خود ہی اس کی پامالی کرتے ہیں،انہوںنے کہاکہ ملک میں سکون و اطمینان کے لیے ہمیں معاشی خوشحالی لانی ہوگی، لیکن آئی ایم ایف کے قوانین اور سودی نظام کی وجہ سے معاشی خوشحالی کا خون ہوجاتا ہے۔سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے خطاب میں کہاکہ وہ ملک میں اسلامی نظام لا کر ہی دم لیں گے ،مغربی تہذیب کی یلغار نے ہم سے ہماری آزادی چھین لی ہے جس کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے قربانیاں دی ہیں، انگریز کی غلامی سے نجات ہی صرف آزادی نہیں بلکہ عالمی اداروں کے ذریعے ہماری آزادی کو سلب کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔انہوںنے کہاکہ اسلامی قوانین دقیانوسی ہیں، فحاشی و عریانی کے بغیر ہمارا گزارا نہیں، اس طرح کی سوچ والوں کو آج کل روشن خیال کہا جاتا ہے ہماری جنگ اس لادین روشن خیالی کے خلاف ہے۔