نواز شریف کیخلاف پنجاب اسمبلی میں ٹرائل کیلئے قرار داد جمع

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف پنجاب اسمبلی میں آرٹیکل (6) کے تحت ٹرائل کے لئے قرار داد جمع کرادی گئی۔ اطلاعات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں محمود الرشید کی جانب سے یہ قرارداد جمع کرائی گئی۔ قرارداد کے متن کے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کلبھوشن اور کشمیر میں مظالم پر خاموش اور ریاست کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔ نوازشریف نے ہوس اقتدار میں ریاست کے خلاف بغاوت کی اور ملکی سالمیت پر حملے شروع کردیئے، نواز شریف کا درآمد شدہ بیانیہ پاکستان کوعالمی دباؤمیں لانے کی مکروہ کوشش ہے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا کہ نوازشریف دشمن عالمی طاقتوں کے آلہ کاربن کرملک میں انتشار کی فضا بنا رہے ہیں، بھارت دانستہ طور پر عدم تعاون کرکے ممبئی حملہ کیس کے ٹرائل میں رکاوٹ رہا جبکہ ریاستی ادارے قابل احترام ہیں اور ملکی تحفظ کے ضامن ہیں جو اس ہرزہ سرائی کو مسترد کرتے ہیں۔