الیکشن کمیشن کا غیر ملکی مبصرین کوانتخابات سے دور رکھنے کا فیصلہ

 

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے غیر ملکی مبصرین کو الیکشن سے دور رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق تیار کر لیا ہے۔الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کسی بھی غیر ملکی مبصر کو دعوت نامہ نہیں بھیجا جائےگا، جو بھی غیرملکی مبصرپاکستان آنا چاہے وہ سیکورٹی کلیئرنس کے بعد آسکتا ہے ، اور 2ماہ پہلے ویزے کے لئے درخواست دینا ہوگی، جبکہ وزارت داخلہ کو مبصر کی سیکیورٹی کلیئرنس کے لئے4 ہفتوں کا وقت دیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق وزارت خارجہ مبصر کی سیکورٹی ایجنسیز سے کلیئرنس کے بعد ویزا ایشو کرے گا ۔اس کے علاوہ غیرملکی مبصرین الیکشن کے انتخابی عمل کے درمیان میڈیا پر بیان نہیں دے سکیں گے، تاہم غیرملکی مبصرین الیکشن کی شفافیت کے لیے کسی بھی سیاستدان سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے مل سکیں گے، جس کے لئے غیرملکی مبصرین کو خصوصی پاسز جاری کئے جائیں گے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خان نے کہا کہ شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، انتخابات کو شفاف بنانے میں ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسران کا بڑا کردار ہے، جبکہ عدلیہ ایک شفاف اداراہ ہے اسی لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران عدلیہ سے لئے گئے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات میں کسی کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے، تمام انتخابی عملے کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔اس موقع پر سیکریٹری الیکشن کمشنر بابریعقوب نےکہا کہ الیکشن میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی خلائی مخلوق ہوگی۔