شہریوں کو دوسری سحری بھی اندھیرے میں کرنا پڑی

کراچی: کراچی کے کئی علاقے دوسرے رمضان المبارک کو بھی تاریکی میں ڈوبے رہے، شہریوں کو دوسری سحری بھی اندھیرے میں کرنا پڑی۔ دوسری جانب کے الیکٹرک حکام کی جانب سے صارفین کو ریلیف دینے کا دعویٰ کیا گیا ہے اور ساتھ ہی 7 گھنٹے لوڈشیڈنگ کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، ناظم آباد، صفورا گوٹھ، اسکیم 33 اور مسلم ٹاؤن شامل ہیں جہاں بجلی کی طویل بندش جاری ہے۔ جبکہ سعدی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، کھارادر اور لیاری میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ کورنگی، شاہ فیصل کالونی، بلوچ کالونی، محمودآباد، گارڈن، رامسوامی، شو مارکیٹ، رنچھوڑلائن اور ملحقہ علاقوں میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے جبکہ ابوالحسن اصفہانی روڈ کے علاقوں میں بھی بجلی کی طویل بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ 15 دن گزرنے کے باوجود بن قاسم پاورپلانٹ میں ہوئی فنی خرابی تاحال دور نہیں کی جا سکی ہے۔ الیکٹرک نے کراچی میں پندرہ گھنٹے کی لوڈشيڈنگ کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی۔ جبکہ شہر قائد میں 7گھنٹےتک بجلی کی لوڈشیڈنگ کرنے کا اقرار کیا ہے ۔ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ایک یونٹ پر کام کے باعث مستثنیٰ علاقوں میں عارضی طور پر اعلانیہ لوڈ مینجمنٹ ہے، مستثنیٰ علاقوں میں لوڈ مینجمنٹ کا دورانیہ 2سے 3 گھنٹے ہے،لوڈ مینجمنٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔