سیاسی صورتحال سے اسٹاک ایکسچینج میں مندی

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو انڈیکس 246 پوائنٹس نیچے آگیا ۔ اطلاعات کے مطابق ملک کی سیاسی صورتحال پرسرمایہ کارمحتاط ہوگئے ہیں ، ہنڈرڈ انڈیکس 246 پوائنٹس کمی سے 41 ہزار 623 کی سطح پر بند ہوا ۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی حصص بازار میں مندی کے بادل چھائے رہے اورکاروبار کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 405 پوائنٹس کمی ہوئی جس سے ہنڈرڈ انڈیکس 4 جنوری 2018 کی کم سطح 41 ہزار460 کی سطح پرآگیا ،تاہم انڈیکس 246 پوائنٹس کمی سے 41 ہزار623 کی سطح پر بند ہوا ۔ معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق بجٹ میں سپرٹیکس ختم نہ کرنے اورساتھ ہی الیکشن سے قبل موجودہ سیاسی صورتحال پر سرمایہ محتاط ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے مسلسل فروخت کا دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے میں ہنڈرڈ انڈیکس میں تقریباً 2 ہزار پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔