حملہ آور نے حملے کی پہلے سے تیاری کی تھی: ٹیکساس گورنر

ٹیکساس:امریکی ریاست ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے سانٹافی ہائی اسکول میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے سے متعلق کہا ہے کہ پولیس کو حملہ آور کی ڈائری اور اس کے کمپیوٹر اور موبائل فون سے مزید معلومات ملی ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس نے حملے کی پہلے تیاری کی تھی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق گورنر گریگ ایبٹ نے بتایا ہے کہ واقعے کے بعد تلاشی کے دوران اسکول کے نزدیک اور اسکول میں سے مختلف قسم کا دھماکہ خیز مواد ملا ہے۔ پولیس کو حملہ آور کی ڈائری اور اس کے کمپیوٹر اور موبائل فون سے مزید معلومات ملی ہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اس نہ حملے کی پہلے تیاری کی تھی اور اس کا ارادہ تھا کہ وہ اس کے بعد خود کشی کر لے گا۔ اسکول میں موجود طلبہ نے بتایا کہ حملہ آور نے مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے آرٹ کی کلاس میں داخل ہو کر فائرنگ شروع کر دی۔ عینی شاہد کے مطابق کوئی شخص بندوق لے کر کلاس میں داخل ہوا اور فائرنگ شروع کر دی اور ایک لڑکی کو ٹانگ میں گولی لگ گئی۔ واضح رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کے نزدیک سانٹا فے ہائی سکول میں ایک طالب علم کی فائرنگ سے دس افراد ہلاک جبکہ مزید دس زخمی ہو گئے ہیں۔ اسکول کے 17 سالہ حملہ آور طالبعلم دیمیتریوس پاگورٹزس کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔