نقیب قتل کیس: عدالت نے سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی

 

کراچی: نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد ملزمان کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی، عدالت نے سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت کے دوران سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اور دیگر ملزمان کو پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران پولیس نے مفرور ملزمان شعیب شوٹر، امان اللہ مروت اور دیگر کی عدم گرفتاری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ تاحال مفرور ملزمان کاسراغ نہیں لگایا جاسکا، ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ سماعت کے دوران راؤ انوار کو جیل میں بی کلاس کی سہولت فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر وکلا نے دلائل دیئے۔ عدالت میں نامزد ملزم ڈی ایس پی قمر احمد نے ضمانت کی درخواست دائر کردی۔ عدالت نے ڈی ایس پی قمر احمد کی درخواست ضمانت پر بحث کے لئے نوٹس جاری کردیئے، تاہم سرکاری وکلا بیرو مل اور نواز کریم نے نوٹس وصول کرنے سے انکار کردیا۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حیرت ہے سرکاری وکلا نوٹس بھی وصول نہیں کررہے۔ عدالت نے کہا کہ ہائیکورٹ کو لکھا تھا کہ کیس بھیج رہے ہیں تو عملہ اور سرکاری وکیل بھی بھیجیں۔ بعدازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت 28 مئی تک کے لئے ملتوی کردی۔