شہر قائد میں آج شدید گرمی ، پارہ 44ڈگری تک پہنچ گیا-بجلی بھی غائب

کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج بھی موسم شدید گرم رہنے کی پیش گوئی کردی، دن کےوقت درجہ حرارت 45ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے، جب کہ ہوامیں نمی کا تناسب 15 فیصد سے بھی کم رہے گا، سمندری ہوائیں بند ہیں جبکہ شمال کی جانب سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر میں سورج آگ برسانے لگا، قیامت خیز گرمی کے باعث لوگ بلبلا اٹھے۔ دوپہر 3 بجے کراچی کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے، جب کہ گرمی کی شدت (ہیٹ انڈیکس)45 ڈگری محسوس کی جارہی ہے اور ہوامیں نمی کا تناسب 15 فیصد سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا۔ حبس کے باعث گرمی کی شدت بھی زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔ گرم موسم کے باعث شہر میں ویرانی اور سڑکوں پر سناٹا چھایاہوا ہے شہریوں نے گرمی سے بچنے کیلئے خود کو گھروں تک محدود کرلیاہے۔محکمہ موسمیات19 سے23مئی تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کرچکا ہے، گزشتہ روز بھی کراچی کا درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو دھوپ میں جانےسے گریز کرنےکامشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مجبوراً جانا بھی پڑے تو چھتری استعمال کریں اورسرپرگیلاکپڑارکھیں۔ جب کہ صوبائی حکومت نے صورت حال سے نمٹنے کیلئے کراچی کی مقامی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت کررکھی ہیں اس کے علاوہ ہیٹ اسٹروک کے پیش نظر شہر کے سرکاری اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ ہے۔جبکہ کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو ایس ایم ایس موصول ہوا ہے کہ آج بھی بجلی جائے گی ۔کراچی کے علاقوں شیرشاہ بلوچ پاڑہ ،نارتھ کراچی، کورنگی پی اینڈ ٹی کا لونی اور گلستان جوہر بلاک 13 میں بجلی غائب رہی۔ شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی ۔نارتھ ناظم آبادمیں ڈی سی آفس کےباہر شہریوں نے پانی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا، اس موقع پرمظاہرین نےانتظامیہ اورواٹربورڈحکام کےخلاف نعرے لگائے، مظاہرین کاکہناتھاکہ علاقےمیں گزشتہ بیس روز سےپانی نہیں اوپر بجلی کی غیراعلانی لوڈشیڈنگ سےمعمولات زندگی درہم بر ہم ہوگئے ہیں ۔ترجمان کے الیکٹرک نے کہا تھا کہ بن قاسم پاور اسٹیشن کے متاثرہ یونٹ کے لیے 41 ٹن وزنی پرزہ ہالینڈ سے لایا گیا ہے اور ماہرین کام کررہے ہیں اور پرزے کی تنصیب کا عمل آج 20 مئی تک مکمل ہونے کا امکان ہےجس کے بعد بجلی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔