فاٹا کو کے پی کے میں ضم اورایف سی آر کوختم کریں گے۔شاہ محمود

اسلام آباد: تحریک انصاف کی 100 دن کے ایجنڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ فاٹا کا احساس عمران خان سے زیادہ کسی کو نہیں لہذا حکومت میں آتے ہی فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کریں گے ، اوربلوچستان میں ہم مرہم رکھیں گے اور دلوں کوجوڑیں گے جب کہ بھٹکے ہوئے لوگوں کو اپنائیں گے اور پاکستان کا حصہ بنائیں گے۔ انگریز کے کالے قانون ایف سی آر کو فی الفور ختم کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتےہوئے شاہ محمود قریشی کا کہناتھاکہ کراچی میں روزانہ 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اور شہری بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں جب کہ کراچی میں کوئی کچرا اٹھانے والا نہیں ہے، کراچی میں شہری حکومت کو بااختیار کریں گے اور کراچی کے اداراوں کو سیاست سے پاک کیا جائے گا۔کراچی میں قبضہ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا ارادہ رکھتے ہیں اور شہر میں ہاؤسنگ اسکیم کے تحت سستے گھر دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہناتھاکہ جنوبی پنجاب میں احساس محرومی کو دور کرنے کا وقت آگیا ہے اور جنوبی پنجاب کو خود مختار اکائی بنائیں گے۔پی ٹی آئی رہنما کے مطابق (ن) لیگ کی نیت پر کل بھی شک تھا اور آج بھی شک ہے لیکن ہم جنوبی پنجاب کے محروم علاقوں میں اکنامک پیکج دیں گے اور جنوبی پنجاب زراعت کی ریڑھ کی ہڈی ہوگا۔