وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس

اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں ملکی انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں سے متعلق 7 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسلام آبادمیں انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کے لئے جگہ کی خریداری کی منظوری دی جائے گی اور ہائرایجوکیشن کے مختلف شعبوں میں اوورسیز اسکالر شپس کے فیز3 اور اسلام آبادمیں ملک کے پہلے سینٹر آف نیورو سائنسز کے پمز میں قیام کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ایجنڈے میں ملک بھرمیں بنیادی صحت کے پروگرام کی نچلی سطح پر منتقلی اور ملک میں ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کاجائزہ لیا جائے گا اور  220 کی وی مستونگ سب اسٹیشن ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن بچھانے کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں سندھ بیراج، سکھر بیراج سمیت دیگر اہم مقامات کی بحالی اور ماڈرنائزیشن کی منظوری دی جائے گی، جبکہ نیلم جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پاور پراجیکٹ کے پی سی 1 کا چوتھا ریوائز پلان پیش کیا جائے گا۔