پاکستان پرعالمی سفری پابندیوں میں مزید 3 ماہ کی توسیع

عالمی ادارہ صحت ڈبلیوایچ او نے پولیو وائرس کے باعث پاکستان پر عالمی سفری پابندیوں میں مزید 3 ماہ کی توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پر سفری پابندیوں میں توسیع ڈبلیو ایچ او کی پولیو سے متعلق ایمرجنسی کمیٹی کی سفارش کے بعد کی گئی ہے۔
قبل ازیں سویٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں کہا گیا کہ پولیو وائرس کاعالمی پھیلاؤ صحت عامہ کے لیے بدستور خطرہ ہے۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور افغانستان بدستور پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں ملوث ہیں، پاک افغان سرحدی مہاجرین پولیو پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ بلاک سے وائرس کا پھیلاؤ ہورہا ہے، تاہم اس سلسلے میں پاکستان کی انسداد پولیو سے متعلق کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیا گیا۔
عالمی ادارہ صحت نے اجلاس میں اعلامیہ جاری کیا کہ دنیا پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکی ہے، اس لیے عالمی برادری کو پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔