قومی اسمبلی کی پانچ سالہ حاضری رپورٹ جاری

اسلام آباد: غیر سرکاری تنظیم فافن نے اراکین قومی اسمبلی کی پانچ سالہ حاضری رپورٹ جاری کردی ۔
رپورٹ کےمطابق قومی اسمبلی کا کوئی بھی رکن سو فیصد حاضری کا ریکارڈ نہ بنا سکا تاہم 12 ارکان ایسے ہیں جن کی حاضری اکیانوے فیصد سے زائد رہی اور 6 ایسے بھی اراکین ہیں جن کی حاضری دس فیصد سے بھی کم ہے۔
غیر سرکاری تنظیم کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق پانچ سال میں قومی اسمبلی کے 468 اجلاسوں میں صرف پانچ بار ایسا ہوا کہ ارکان کی تعداد تین سو سے زائد رہی جبکہ 97 بار تعداد پوری نہ ہونے کی وجہ سے اجلاس معطل کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیراعظم بنے کے بعد دس اجلاسوں میں شرکت کی جبکہ نا اہل ہونے سے پہلے نواز شریف صرف چوالیس اجلاسوں میں شریک ہوئے۔
مختلف سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈران میں محمود اچکزئی 369 اجلاسوں میں حاضریوں کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ دوسرے اور آل پاکستان مسلم لیگ کے افتخار الدین تیسرے نمبر پر رہے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ غیر حاضر اراکین میں عمران خان، حمزہ شہباز،فریال تالپور، فاروق ستار، چوہدری پرویزالہی اور میر ظفر اللہ خان جمالی شامل ہیں۔